• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل اویسی کا بڑا فیصلہ: ہمایوں کبیر سے خود کی پارٹی کو کیا الگ

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل اویسی کا بڑا فیصلہ: ہمایوں کبیر سے خود کی پارٹی کو کیا الگ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Apr 10, 2026 IST

مغربی بنگال اسمبلی  انتخابات سے قبل  اویسی کا بڑا فیصلہ: ہمایوں کبیر سے خود کی پارٹی کو کیا الگ
مغربی بنگال کے انتخابات سے پہلے اے آئی ایم آئی ایم نے ہمایوں کبیر کی پارٹی سے اتحاد توڑ لیا ہے۔بنگال میں اویسی کی پارٹی اب تنہا الیکشن لڑے گی۔یہ فیصلہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ہمایوں کبیر کے اسٹنگ آپریشن کے ایک ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد لیا گیا، جس میں وہ بی جے پی کے ساتھ اپنے تعلقات کو ظاہر کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔یہ ویڈیو ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) نے جاری کیا ہے۔
 
اے آئی ایم آئی ایم نے اپنا موقف واضح کیا:
 
سوشل میڈيا پر ایک پوسٹ میں اے آئی ایم آئی ایم نے کہا :ہمایوں کبیر کے انکشافات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ بنگال کے مسلمان کتنے کمزور ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم خود کو کسی ایسے بیان سے جوڑ نہیں سکتی جس سے مسلمانوں کی سالمیت پر شبہ ہو۔اے آئی ایم آئی ایم نے واضح کیا کہ وہ اپنے آپ کو کسی ایسے بیان یا نظریے سے نہیں جوڑے گی جس سے کمیونٹی کی شبیہ کو نقصان پہنچے۔ پارٹی نے فوری اثر سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا۔
 
اے آئی ایم آئی ایم نے اس موقع کو مغربی بنگال میں مسلمانوں کی مسلسل سماجی و اقتصادی پسماندگی کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے بھی استعمال کیا۔ پارٹی نے زور دے کر کہا کہ آل انڈیا ترنمول کانگریس اور سابقہ ​​انتظامیہ سمیت سیکولر سیاسی فریم ورک کو برقرار رکھنے کا دعویٰ کرنے والی جماعتوں کی دہائیوں کی حکمرانی کے باوجود یہ کمیونٹی "غریب ترین، سب سے زیادہ نظر انداز، اور استحصال زدہ کمیونٹیوں میں سے ایک ہے۔
 
کیا ہے پورا معاملہ؟
 
جمعرات 9 اپریل  کو، ٹی ایم سی نے ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کیا،جس میں ہمایوں کبیر مبینہ طور پر 1000 کروڑ روپے کی ڈیل کے بارے میں بات کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، ساتھ ہی 300 کروڑ روپے کی ایڈوانس کا بھی ذکر ہے۔
 
 جس کے تعلق سے ٹی ایم سی نے  لکھا، دھماکہ خیز اسٹنگ آپریشن کا ویڈیو ،جو بنگال کے خلاف بی جے پی کی گھناؤنی سازش کو پوری طرح سے بے نقاب کرتا ہے۔ اس ویڈیو میں ہمایوں کبیر کھلے عام اعتراف کرتے ہیں کہ بی جے پی نے اقلیتی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے انہیں 1000 کروڑ روپے دیے۔ 
 
 ہمایوں کبیر کون ہیں؟
 
ہمایوں مرشد آباد ضلع کے بھرت پور سے ایم ایل اے ہیں۔ انہوں نے 2021 میں ٹی ایم سی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا تھا۔وہ پہلے کانگریس پارٹی کے ساتھ تھے اور 2013 میں ٹی ایم سی میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے 2021 میں کامیابی حاصل کی اور ممتا حکومت میں وزیر مملکت کے طور پر خدمات انجام دیں۔
 
گزشتہ سال ہمایوں کبیر کو مرشد آباد میں بابری مسجد کی تعمیر کی متنازعہ تجویز کے بعد ٹی ایم سی سے نکال دیا گیا تھا۔ اس کے بعد، انہوں نے مغربی بنگال میں الیکشن لڑنے کے لیے 'عام جنتا اننان پارٹی' بنائی۔ اور الیکشن لڑ رہے ہیں۔
 
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں 294 رکنی قانون ساز اسمبلی کے لیے ووٹنگ دو مرحلوں میں 23 اپریل اور 29 اپریل کو ہونے والی ہے، جب کہ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہونی ہے۔