تلنگانہ میں آج صبح ایک کیمیکل فیکٹری میں زبردست دھماکہ ہوا۔ حادثے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ 15 سے 20 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ دھماکہ صبح 7 بجے کے قریب ہوا جس کے بعد فیکٹری کے اندر کہرام مچ گیا۔ کئی کارکن جان بچانے کے لیے باہر نکلے تاہم جو باہر نہ آسکے وہ بری طرح جھلس گئے۔ کئی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ یہ دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ کئی مزدور 100 میٹر دور جا گرے۔ دھماکے سے فیکٹری کا ایک حصہ مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔دھماکہ ہوتے ہی آگ پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں موقع پر پہنچ کر راحت اور بچاؤ کے کاموں کو انجام دیا۔اور زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچایا گیا۔ وہیں فیکٹری سے دھواں نکلتا دیکھ کر گاؤں والے بھی موقع پر جمع ہوگئے۔
دھماکے کے وقت فیکٹری میں مزدور کام کر رہے تھے:
یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب مزدور فیکٹری کے اندر کام کر رہے تھے۔ زوردار دھماکے کی آواز سن کر کارکن خوف کے مارے باہر بھاگ گئے۔ دھماکے کے بعد کئی کارکن اس میں پھنس گئے۔ جسکی وجہ سے کم از کم 10 لوگوں کی موت ہو گئی۔حکام کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ فیکٹری میں آگ لگنے کے بعد ریسکیو آپریشن کیا گیا۔ اگرچہ ابھی تک حادثے کی وجہ واضح نہیں ہے تاہم ابتدائی طور پر خیال کیا جا رہا ہے کہ دھماکہ ری ایکٹر میں فنی خرابی کے باعث ہوا ہو گا۔ حکام اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں ۔
دھماکہ سے علاقے میں خوف و ہراس :
میڈیا ذرائع کے مطابق یہ حادثہ پشامیلرام میں واقع سگاچی کیمیکل انڈسٹری میں پیش آیا۔جس کے بعد فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ میں کئی کارکن بری طرح جھلس گئے۔ ان میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ جبکہ کچھ لوگوں کے ملبے میں دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔اس دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کے بعد انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ کر حادثے کی وجوہات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ وہیں پیر کو ہونے والے اس دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے قریبی پلانٹس کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔