اتر پردیش کے پریاگ راج ضلع میں ایک بڑا سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ عقیدت مندوں سے بھری بولیرو کار اور بس میں تصادم کی وجہ سے 10 افراد ہلاک ہوگئے۔ جبکہ 19 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا جبکہ لاشوں کو مردہ خانے میں منتقل کردی گئی ۔ بولیرو میں سوار تمام مسافر مرد تھے جن کی عمریں 25 سے 45 سال کے درمیان تھیں۔ حادثے میں ہر کوئی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔معلومات کے مطابق جمعہ رات دیر گئے پریاگ راج۔مرزا پور ہائی وے پر یہ بڑا سڑک حادثہ پیش آیا۔
حادثہ کیسے پیش آیا؟
یہ سبھی چھتیس گڑھ کے ضلع کوربا کے رہنے والے تھے۔ بس میں سفر کرنے والے تمام عقیدت مند مدھیہ پردیش کے راج گڑھ ضلع کے رہنے والے ہیں،سبھی لوگ پریاگ راج میں جاری مہاکمبھ میلے میں اسنان کرنے آرہے تھے۔پولیس نے بتایا کہ چھتیس گڑھ کے کوربا سے لوگ مہا کمبھ میں نہانے کے لیے بولیرو میں آ رہے تھے، جب کہ مدھیہ پردیش سے بس سنگم میں نہانے کے بعد مرزا پور کی طرف جا رہی تھی دیر رات 2 بجے منو کا پورہ کے قریب بس اور بولیرو کے درمیان خوفناک تصادم ہوا۔ اس میں بولیرو میں سوار 10 افراد کی موت ہو گئی، جب کہ بس میں سوار دیگر 19 مسافر زخمی ہو گئے۔ پولیس نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔
گیس کٹر کی مدد سے لاشوں کو نکالا گیا- ڈی سی پی
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) وویک چندر یادو نے بتایا کہ بولیرو کار بس میں بری طرح پھنس گئی تھی۔ ایسے میں لاشوں کو نکالنے کے لیے کافی کوششیں کرنای پڑیں۔انہوں نے کہا کہ بولیرو میں کئی لاشیں اس حد تک پھنسی ہوئی تھیں کہ انہیں نکالنے کے لیے گیس کٹر کا استعمال کرنا پڑا۔ کئی لاشوں کو بری طرح نقصان پہنچا۔ ایسے میں بیگ میں ملے آدھار کارڈ کی بنیاد پر ان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔