Thursday, August 28, 2025 | 05, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • دو سو پچاس سالہ امریکہ: تاریخ، ثقافت اور اقدار کو جاننے کا موقع

دو سو پچاس سالہ امریکہ: تاریخ، ثقافت اور اقدار کو جاننے کا موقع

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Aug 26, 2025 IST     

image
2026 میں امریکہ کی 250 ویں سالگرہ کے پیشِ نظر، ہندوستان کے مختلف شہروں میں قائم’ امیریکن اسپیسیز‘ نوجوانوں کو امریکی تاریخ ، ثقافت اور اقدار کو جاننے کا موقع فراہم کریں گے۔ 
 
چاروی اروڑا
 
2026 میں امریکہ کی آزادی کے اعلامیے پر دستخط کیے جانے کے 250برس مکمل ہونے والے ہیں۔اس موقع پر نئی دہلی، ممبئی، چنئی، حیدرآباد اور کولکاتہ میں موجود امیریکن اسپیسسز  نوجوان ہندوستانیوں کو ان نظریات ، اقدار اور جدت کا عرفان حاصل کرنے میں مدد کریں گے جنہوں نے امریکہ کو آج کا امریکہ بنایا ہے۔
 
امریکہ میں اختراع کے عزم اور جمہوریت کی اقدار کا جشن منانے کے لیے سال بھر ثقافتی اور تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ امریکین سینٹرس اور کارنرس فلمیں دکھائیں گے ، کوئز اور ورک شاپ کرائیں گے اور مقررین کے خصوصی اجلاس رکھیں گے۔ یہ تمام چیزیں نہ صرف علم میں اضافہ کریں گی بلکہ تخیل کو نئی سمت عطا کریں گی اور امریکی کہانیوں کی خوبصورت جھلکیاں پیش کریں گی۔
 
طلبہ خواہ امریکی ریاستوں اور اہم تاریخی واقعات سے واقفیت حاصل کررہے ہوں یا لوگ فلموں اور ٹیکنالوجی کے ذریعے امریکی ثقافت سے روبرو ہورہے ہوں ،ہر پروگرام یہ موقع دے گا کہ آج کے زمانے میں آزادی، قیادت اور شہری عمل کی اہمیت پر  غورو فکر کیا جاسکے۔ 
 
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ250 کا آغاز کیا، جو ٹاسک فورس 250 کے ذریعے نافذ کیا جا رہا ہے،تاکہ امریکی ورثے کے بارے میں نئی دلچسپی پیدا ہو اور اختراع اور مہم جوئی کا جذبہ جاگے ۔ ہندوستان کے مختلف شہروں میں موجود امیریکن اسپیسز نوجوانوں کو سیکھنے ، متاثر ہونے اور امریکی کہانی کا حصہ بن کر جشن منانے کا موقع فراہم کررہے ہیں۔ 
 
امریکہ کا قریب سے مشاہدہ
 
ممبئی کے دوستی ہاؤس میں ’’امریکہ250 کوئز چیلنج‘‘ طلبہ سے امریکی تاریخ، سائنس، اختراعات اور قیادت کے بارے میں سوالات کرے گا تاکہ ان کے علم کا امتحان لیا جا سکے۔
 
’’امریکہ سے تعارف کا دریچہ‘‘  کے نام سے شروع ہونے والی ایک اور دلچسپ سیریز کے ذریعے ہر ماہ امریکہ کی ایک نئی ریاست کو متعارف کرایا جائے گا۔طلبہ جان سکیں گے کہ توانائی، زراعت، خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں ہر ریاست نے امریکہ کی ترقی میں کیا کردار ادا کیا۔ ان اجلاس میں امریکی ریاستوں اور ہندوستانی شہروں کی ثقافت اور اختراعات کا موازنہ  بھی کیا جائے گا۔ 
 
اس تجربے کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے  ممبئی کے دوستی ہاؤس میں بصری نمائشیں  اور ’ ورچوئل ریئلٹی ٹورس‘ رکھے جائیں گے جن کے ذریعے طلبہ امریکی تاریخ مقامات، جامعات اور اہم واقعات کا قریب سے تجربہ کرسکیں گے۔
 
عملی تجربے پر مبنی سیکھنے کا موقع
 
چنئی کے امیریکن سینٹر میں ’’ امریکہ 250‘‘ پروگراموں کا مرکز تعلیم ، اختراعات اور سفارت کاری ہوں گے۔ ہر ہفتے راہنمائی اجلاس منعقد ہوں گے جن میں طلبہ کو امیریکن سینٹر کے وسائل ، ای  لائبریری ، امریکی سرکاری پروگرام اور ایجوکیشن یوایس اے کے مشیروں کے تعاون سے اعلیٰ تعلیم کے مواقع کے بارے میں راہنمائی فراہم کی جائے گی۔ ان اجلاس میں فلموں کی نمائش بھی ہوگی جو امریکی تاریخ، اقدار اور قیادت کی کہانیاں پیش کریں گی۔ 
 
امریکہ250 پروگرام کے تحت ہر ماہ ’’سفارت کار سے بات چیت‘‘  کا پروگرام ہوگا جہاں طلبہ امریکی سفارت کاروں سے براہ راست گفتگو کرسکیں گے اور تجارتی سفارت کاری، توانائی تعاون اور خلائی پالیسی جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال بھی کرسکیں گے۔ ہر دو ماہ بعد ہونے والی سفارت کاری کی مشقوں میں طلبہ سفارت کار کا کردار نبھاتے ہوئے جارج ٹاؤن یونیورسٹی اور ’میوزیم آف امیریکن ڈپلومیسی ‘ کے کیس اسٹڈیز کی مدد سے عالمی مسائل پر مذاکرات کریں گے۔
 
فلمیں اور شہری گفتگو
 
حیدرآباد اور وشاکھا پٹنم کے امیریکن کارنرس میں فلموں کے ذریعے دلچسپ گفتگو کو بڑھاوا دیا جائےگا۔ فلم ’’ لنکن‘‘ غلامی کے خاتمے اور شہری بہادری کی کہانی ہے ، جب کہ ’’ دی رائٹ اسٹف‘‘ امریکہ کے ابتدائی خلائی سفر کی جدوجہد کو پیش کرتی ہے ۔ ہر شو کے بعد قیادت ، جدت اور معاشرتی اقدار پر مبنی راہنمائی شدہ بحث و مباحثہ بھی ہوگا۔ 
 
’’ سفارت کار سے بات چیت‘‘  پروگرام میں طلبہ کو موقع ملے گا کہ وہ سینئر امریکی حکام سے جمہوریت جیسے اہم موضوعات پر براہ راست گفتگو کریں۔ طلبہ سے بڑے پیمانے پر رابطہ کرنے کے لیے امیریکن اسپیسز کیمپس سے باہر بھی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔کولکاتہ کے ٹیچر ٹریننگ کالجوں میں تعارفی اجلاس ہوں گے جہاں طلبہ کو امریکی وسائل ، تعلیمی مواقع اور بزنس انگلش کے بارے میں بتایا جائے گا تاکہ وہ اپنے مستقبل کے کریئر میں ان سے فائدہ اٹھا سکیں۔ کولکاتہ میں ماہانہ فلم نمائشوں کے ذریعے امریکی ادب اور فلمی دنیا سے تعارف کرایا جائے گا اور اس پر مباحثے ہوں گے، جن میں ڈیجیٹل وسائل اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع پر بھی بات ہوگی۔پینل ڈسکشنز، خصوصی موضوعات پر مباحثے، کوئز اور ’’ سفارت کار سے بات چیت‘‘ جیسے اجلاس طلبہ کو امریکی زندگی ، جمہوریت اور قیادت کے بارے میں براہ راست خیالات سننے کا موقع دیں گے۔ 
 
سینما، کہانیاں اور مشترکہ خیالات
 
نئی دہلی  میں واقع امیریکن سینٹر ’امریکہ ۲۵۰‘ کے جشن میں فلموں کو خاص اہمیت دے رہا ہے۔’فرائیڈے فِلِکس‘ اور فلمی میلوں میں ’ مسٹر اسمتھ گوز ٹو واشنگٹن‘،’انڈیپینڈینس ڈے‘ اور ’لنکن‘ جیسی مشہور فلمیں دکھائی جائیں گی جو آزادی اور جمہوری اقدار کی عکاسی کرتی ہیں۔ 
 
’ ویسٹرن ویڈنس ڈے‘ سیریز میں چھ ہفتے تک کلاسیکی مغربی فلمیں دکھائی جائیں گی۔ لایو میوزک اور ماہرین کی گفتگو کے ذریعے ان فلموں میں انصاف، بہادری اور امریکی شناخت کے بدلتے ہوئے تصورات پر بات کی جائے گی۔ 
 
فلم اور ثقافت سے دلچسپی رکھنے والے طلبہ کے لیے ایک مختصر فلمی  میلے میں ایسی امریکی فلمیں دکھائی جائیں گی جن کا تعلق ہندوستان سے ہے۔یہ میلہ ہجرت ، شناخت اور تعلق جیسے موضوعات کو ایک نئے زاویے سے پیش کرے گا اور دکھائے گا کہ یہ کہانیاں ہندوستان اور امریکہ کو کس طرح قریب لاتی ہیں۔ 
 
امریکہ250 کی تقریبات کے دوران طلبہ، اساتذہ اور نوجوان پیشہ ور افراد کے پاس موقع ہے کہ وہ امریکی اقدار، ثقافت اور اختراعات سے براہ راست جڑیں۔ اس سلسلے میں مزید جانکاری ،پروگراموں کی جھلکیوں اور ان پروگراموں میں شرکت کے طریقوں کے لیے  اپنے قریبی امیریکن اسپیس میں جائیں یا ان کے سوشل میڈیا صفحات پر نظر رکھیں۔ 

بشکریہ اسپَین میگزین، امریکی سفارت خانہ، نئی دہلی