Monday, October 06, 2025 | 14, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • نیپال میں شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 47 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ

نیپال میں شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 47 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 05, 2025 IST

نیپال میں شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 47 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ
بھارت کے پڑوسی ملک نیپال میں قدرت کے قہر نے تباہی مچا دی ہے۔ مسلسل بارش سے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعہ سے اب تک مٹی کے تودے گرنے سے 47 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔  3 اکتوبر  سے مسلسل ہونے والی شدید بارشوں کی وجہ سے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور پانی جمع ہو گیا ہے۔ ہندوستان میں دارجلنگ کی سرحد سے متصل ضلع الام میں سب سے زیادہ اموات ہوئیں۔
 
نیپال پولیس کے ترجمان بنود گھمیرے نے بتایا کہ آج صبح الام میں مٹی کے تودے گرنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد ہلاک ہو گئے ۔ ایک اور گاؤں میں بھی پانچ افراد کی موت ہو گئی ۔ بتا دیں کہ یہ واقعہ اس  وقت  پیش آیا،جب زیادہ تر لوگ صبح سویرے سو رہے تھے۔جسکی وجہ سے انہیں سنبھلے کا موقع بھی نہیں ملا۔
 
سڑک سے ہوائی ٹریفک متاثر:
 
لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے دارالحکومت کھٹمنڈو کو دوسرے علاقوں سے ملانے والی کئی بڑی شاہراہیں بند ہو گئی ہیں۔ کئی دیگر اضلاع میں بھی سڑکوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ اس کی وجہ سے نیپال کا سب سے بڑا تہوار دشین منانے کے بعد دارالحکومت واپس آنے والے لوگوں کو تکلیف ہوئی ہے۔ کھٹمنڈو ہوائی اڈے کے ترجمان رنجی شیرپا نے کہا، "گھریلو پروازیں بڑے پیمانے پر متاثر ہوئی ہیں، لیکن بین الاقوامی پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔
 
7 میں سے 5 صوبے بارش سے متاثر :
 
نیپال کے سات صوبوں میں سے پانچ کوشی، مدھیشی، باگمتی، گنڈکی اور لوم بینی ،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہیں۔ مسلسل بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر کھٹمنڈو کے اندر اور باہر گاڑیوں کی آمدورفت پر پیر تک پابندی لگا دی گئی ہے۔ باگمتی اور مشرقی راپتی ​​ندیوں کے ساتھ والے علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ کوشی دریا کے پانی کا بہاؤ معمول کی سطح سے دوگنا ہو گیا ہے، جس سے کوشی بیراج کے تمام 56 دروازے کھول دیے گئے ہیں۔
 
عبوری وزیر اعظم کی عوام سے اپیل:
 
عبوری وزیر اعظم سشیلا کارکی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ لوگ اپنے گھر وں میں ہی محفوظ رہیں،بلاضرورت سفر سے گریز کریں۔خیال رہے کہ نیپال میں شدید بارشوں نے حالات کو مزید خراب کر دیا ہے ۔ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 47 افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے ہیں۔