چھتیس گڑھ کے بلودہ بازار ضلع میں واقع ایک اسٹیل پلانٹ میں جمعرات کی صبح پیش آنے والے ہولناک حادثے نےعلاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ بکولاہی کے ریئل اسپات اسٹیل پلانٹ میں کوئلے کی بھٹی اچانک پھٹ گئی، جس کے نتیجے میں سات مزدور زندہ جل گئے جبکہ دس سے زائد کارکن شدید جھلس کر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کچھ مزدور کوئلے کی بھٹی کے ارد گرد صفائی کا کام کر رہے تھے۔ اچانک بھٹی میں زور دار دھماکہ ہوا، جس کے بعد آگ کے شعلے بھڑک اٹھے اور گہرا دھواں آسمان میں بلند ہونے لگا۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ پلانٹ کے احاطے میں افراتفری مچ گئی اور مزدور جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کوئلے کے زیادہ جلنے اور بھٹی میں غیر معمولی حد تک گرمی بڑھنے کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ آگ اور دھویں کی لپیٹ میں آنے سے سات مزدور موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہو گئے، جبکہ دیگر کارکن شدید زخمی ہو گئے۔ حکام کی جانب سے اب تک زخمی مزدوروں کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں کی جا سکی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، فائر بریگیڈ اور انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے۔ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور علاقے کو سیل کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کوئلے کی بھٹی کے دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے، جبکہ پلانٹ میں حفاظتی انتظامات اور ضوابط کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اسٹیل پلانٹ انتظامیہ کی جانب سے تاحال اس حادثے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد مزدوروں اور ان کے اہل خانہ میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور صنعتی علاقوں میں حفاظتی اقدامات پر ایک بار پھر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔