بہارکے مدھوبنی ضلع میں بھیڑ نے ایک خاتون کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔جاں بحق خاتون کی شناخت روشن خاتون کے نام سے ہوئی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ وہ کسی جھگڑے کی شکایت درج کرانے کے لیے گاؤں کی مکھیا کے پاس گئی تھیں، لیکن مبینہ طور پر ان کے ساتھ مار پیٹ کی گئی۔
دراصل، روشن خاتون گاؤں کی مکھیا کماری دیوی کے پاس ایک مقامی جھگڑے کے بارے میں مدد مانگنے گئی تھیں۔ الزام ہے کہ ان کی بات سننے کے بجائے وہاں موجود کچھ لوگوں نے ان کے ساتھ مار پیٹ شروع کر دی۔ کئی مقامی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ آوروں نے انہیں ایک کھمبے سے باندھ دیا، پیٹا اور مبینہ طور پر ان کے ساتھ بدتمیزی کی۔
عینی شاہدین نے کیا کہا؟
کچھ عینی شاہدین اور سوشل میڈیا پوسٹس کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ واقعہ کے وقت روشن خاتون روزہ رکھے ہوئے تھیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ جب انہوں نے پانی مانگا تو ان کے ساتھ مبینہ طور پر برا سلوک کیا گیا۔ تاہم، ان دعوؤں کی ابھی تک سرکاری تصدیق نہیں ہوئی ہے، اور پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملے کے بعد روشن خاتون شدید زخمی ہو گئی تھیں۔ ان کی حالت مسلسل بگڑتی گئی اور بعد میں ان کی موت ہو گئی۔ اتوار کو ان کی موت کی خبر سے علاقے میں غصہ پھیل گیا۔
لوگوں میں پھوٹا غصہ:
مقامی لوگوں اور سماجی کارکنوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور ملزمان کے خلاف سخت کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس معاملے میں ابتدائی کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے گاؤں کی مکھیا کے بیٹے کو حراست میں لے لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کی شناخت کی جا رہی ہے اور تفتیش کی بنیاد پر آگے کی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ افسران نے یہ بھی کہا ہے کہ سچ سامنے لانے کے لیے معاملے کے ہر پہلو کی جانچ کی جا رہی ہے۔