آندھرا پردیش اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے ترومالا تیروپتی دیواستھانم (ٹی ٹی ڈی) کے ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر مینڈو لوکانادھم سے منسلک کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ کاروائی کے دوران تقریباً 2 کلو سونا، 12.5 لاکھ روپے نقد، 6.5 کلو چاندی اور جائیداد سے متعلق اہم دستاویزات برآمد کی گئیں۔ اے سی بی کے مطابق اب تک برآمد ہونے والے اثاثوں، زیورات، نقدی اور دیگر قیمتی سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 5 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تلاشی اور تحقیقات ابھی جاری ہیں، اس لیے مزید اثاثے بھی سامنے آ سکتے ہیں۔
چار مقامات پر چھاپے
اے سی بی نے بدھ کی صبح تروپتی ضلع میں چار مقامات پر تلاشی لی۔ ان میں لوکا نادھم اور ان کے رشتہ داروں کی رہائش گاہیں بھی شامل تھیں۔
یہ کاروائی مبینہ طور پر آمدنی سے زیادہ اثاثے رکھنے کے معاملے میں کی گئی۔ اے سی بی کے مطابق حکام نے کئی اہم دستاویزات اور دیگر شواہد بھی قبضے میں لیے ہیں۔
سی بی آئی سے ملی معلومات کے بعد کاروائی
اے سی بی کے مطابق اس معاملے میں کاروائی سی بی آئی کی جانب سے دی گئی معلومات کے بعد شروع کی گئی۔ سی بی آئی ترومالا کے مشہور لڈو میں استعمال ہونے والے اجزا میں مبینہ ملاوٹ کے معاملے کی تحقیقات کر رہی تھی۔ اسی دوران کچھ معلومات آندھرا پردیش اے سی بی کے ساتھ شیئر کی گئیں۔ اس معلومات کی بنیاد پر اے سی بی نے پہلے 22 اپریل 2026 کو ٹی ٹی ڈی کے سابق چیئرمین وائی وی سبّا ریڈی کے شخصی معاون کے۔ چِنّا اَپنّا کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا تھا۔
لوکا نادھم کے خلاف الگ مقدمہ
مزید تحقیقات اور شواہد جمع کرنے کے بعد اے سی بی نے لوکا نادھم کے خلاف بھی آمدنی سے زیادہ اثاثے رکھنے کے الزام میں الگ مقدمہ درج کیا۔ یہ مقدمہ انسداد بدعنوانی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے۔
اے سی بی کو کئی جائیدادوں کا بھی پتا چلا
تلاشی کے دوران ملنے والی دستاویزات کے مطابق لوکا نادھم اور ان کے خاندان کے افراد کے نام پر کئی جائیدادیں موجود ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ان میں تروپتی کے پی کے لے آؤٹ میں ایک مکان، گولاوانی گنٹہ علاقے میں دو مکانات کے پلاٹ، وڈمال پیٹ منڈل کے پاڈیریڈو ارانیام گاؤں میں ایک پلاٹ اور سری نیواسا نگر میں ایک مکان کا پلاٹ شامل ہے۔ اے سی بی کے مطابق لوکا نادھم اور ان کے بیٹے کے نام پر چار فکسڈ ڈپازٹس بھی پائے گئے۔ ان کے بہنوئی کے گھروں کی تلاشی کے دوران بھی تقریباً 31.98 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد سے متعلق دستاویزات برآمد ہوئیں۔
ٹی ٹی ڈی سے کئی عرصےسے وابستہ
لوکا نادھم کئی عرصے سے ٹی ٹی ڈی سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے یکم فروری 1989 کو جونیئر اسسٹنٹ کے طور پر ٹی ٹی ڈی میں ملازمت شروع کی تھی۔ بعد میں انہیں ترقی دے کر سینئر اسسٹنٹ، سپرنٹنڈنٹ اور اسسٹنٹ ایگزیکٹو آفیسر کے عہدوں پر تعینات کیا گیا، جس کے بعد وہ ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر بنے۔ اے سی بی کی جانب سے مبینہ غیر متناسب اثاثوں کے معاملے میں تحقیقات جاری ہیں اور مزید برآمدگی یا کاروائی کی تفصیلات تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آ سکتی ہیں۔