Thursday, September 03, 2026 | 19 ربيع الأول 1448
  • News
  • »
  • تعلیم و روزگار
  • »
  • بچوں کو گیمز اور گانوں سے پڑھانے والی نکیتا بھارتی کو ریاستی ایوارڈ

بچوں کو گیمز اور گانوں سے پڑھانے والی نکیتا بھارتی کو ریاستی ایوارڈ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Afreen Begum | Last Updated: Sep 03, 2026 IST

بچوں کو گیمز اور گانوں سے پڑھانے والی نکیتا بھارتی کو ریاستی ایوارڈ
بہار کے نوادہ ضلع کے پرائمری اسکول شاہ پور نہار کی ہیڈ ٹیچر نکیتا بھارتی نے بچوں کو پڑھانے کے لیے روایتی طریقوں سے ہٹ کر ایک دلچسپ انداز اپنایا ہے۔ وہ مشکل تصورات سمجھانے کے لیے گیمز، گانوں، رقص اور مختلف تعلیمی سرگرمیوں کا استعمال کرتی ہیں۔ ان کی اسی منفرد تدریس کو دیکھتے ہوئے انہیں ریاستی ٹیچر ایوارڈ 2026 کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ نکیتا بھارتی کو 5 ستمبر کو یومِ اساتذہ کے موقع پر پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران اعزاز سے نوازا جائے گا۔

 گیمز اور گانوں سے پڑھائی آسان

نکیتا نے بتایا کہ جب انہوں نے پڑھانا شروع کیا تو بچوں کی پڑھائی میں دلچسپی محدود تھی، جبکہ وہ کھیل اور موسیقی میں زیادہ دلچسپی لیتے تھے۔ اسی لیے انہوں نے گیمز اور گانوں کو اپنے اسباق کا حصہ بنا لیا۔ ان کی کلاس میں بچے پرندوں کے اڑنے اورگانے میں مختلف پھلوں کے نام لیے جاتے ہیں اور سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں۔ اس طرح وہ کھیل ہی کھیل میں اعداد (گننتی)، اور پھلوں کے نام سیکھ لیتے ہیں۔

مشکل تصورات کے لیے تعلیمی مواد

نکیتا بچوں کے لیے مختلف ٹیچنگ لرننگ میٹریل یعنی TLM بھی تیار کرتی ہیں تاکہ مشکل مضامین کو آسان انداز میں سمجھایا جا سکے۔ ان کی کوشش ہوتی ہے کہ بچے صرف استاد کی بات نہ سنیں بلکہ خود سرگرمیوں میں حصہ لے کر سیکھیں۔

 بچوں کواپنی حفاظت بھی سکھاتی ہیں

نکیتا تعلیمی مضامین کے ساتھ بچوں کواپنی حفاظت کے بارے میں بھی آگاہ کرتی ہیں۔ وہ سرگرمیوں کے ذریعے گڈ ٹچ اور بیڈ ٹچ کا فرق سمجھاتی ہیں اور بچوں کو یہ بھی بتاتی ہیں کہ کسی نامناسب یا غیر محفوظ صورتحال میں کسی قابلِ اعتماد بڑے سے بات کرنی چاہیے۔ انہوں نےمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گیمز اور گانوں کے ذریعے بچوں کو تصورات سمجھانا زیادہ آسان ہوتا ہے، اسی لیے وہ ایسے طریقے استعمال کرتی ہیں جن میں بچے دلچسپی لیتے ہیں۔

 2015 میں تدریس شروع کی

نوادہ کے مرزا پور کی رہنے والی نکیتا بھارتی نے 2015 میں تدریس کا آغاز کیا۔ 2015 سے 2025 تک انہوں نے نوادہ کے نگر مدھیہ ودیالیہ میں کام کیا۔ 2025 سے وہ پرائمری اسکول شاہ پور نہار کی ہیڈ ٹیچر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود انہوں نے اسکول میں بہتر تعلیمی ماحول بنانے اور بنیادی سہولیات بہتر کرنے کی کوشش کی۔ اسکول کی اپنی عمارت کی تعمیر کے عمل میں بھی انہوں نے کردار ادا کیا۔

بہار کے ہر ضلع سے ایک استاد منتخب

ریاستی ٹیچر ایوارڈ 2026 کے لیے بہار کے 38 اضلاع میں سے ایک ایک استاد کا انتخاب کیا گیا ہے۔ نکیتا بھارتی بھی ان اعزاز پانے والے اساتذہ میں شامل ہیں اور انہیں 5 ستمبر کو پٹنہ میں ایوارڈ دیا جائے گا۔ نکیتا نے اپنی کامیابی میں ساتھی اساتذہ اور رہنماؤں کے تعاون کو بھی اہم قرار دیا ہے۔ ان کے انتخاب پر اسکول کے اساتذہ، اہل خانہ اور مقامی تعلیمی برادری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی ہے۔