• News
  • »
  • علاقائی
  • »
  • مہاراشٹر میں اے آئی ایم آئی ایم کا کس پارٹی سے ہوگا اتحاد

مہاراشٹر میں اے آئی ایم آئی ایم کا کس پارٹی سے ہوگا اتحاد

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jan 17, 2026 IST

مہاراشٹر میں اے آئی ایم آئی ایم کا کس پارٹی سے ہوگا اتحاد
اے آئی ایم آئی ایم پارٹی نے مہاراشٹر کے میونسپل انتخابات میں سنسنی خیز جیت درج کی ہے۔ پارٹی نے اورنگ آباد، ممبئی اور ناگپور جیسے اہم شہروں میں اپنی مضبوط موجودگی قائم کی ہے، اور کل 125 کارپوریٹر جیتے۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے جیت پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے مہاراشٹر کے لوگوں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنے امیدواروں کو جتوایا۔ انہوں نے انتخابات میں ہارنے والی اپوزیشن پارٹیوں کو بھی اپنے آپ کا جائزہ لینے کا مشورہ دیا۔ بیرسٹر اسد اویسی نے مہاراشٹر میں امکانی اتحاد اور تلنگانہ  لوکل باڈی الیکشن پر بھی اظہار  خیال کیا۔

 فتح عوام کےاعتماد کا ثبوت

انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر میں ان کی پارٹی کی جیت عوام کے  اعتماد  کا ثبوت ہے۔ انہوں نے شکست کا سامنا کرنے والی جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ الزام تراشی کے بجائے اپنی ناکامیوں کے بارے میں سوچیں۔ اویسی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پارٹی کے نشان پر جیتنے والے امیدوار پارٹی کے ساتھ رہیں گے اور کہا کہ ان کے کارپوریٹروں کو متحد رکھنے کے لیے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں۔ 

مہاراشٹر میں مجلس کی طاقت 

مہاراشٹر میں ہوئے میونسپل کارپوریشن انتخابات میں مجلس پارٹی نے اپنی طاقت دکھائی ہے۔ ایک زمانے میں یہ جماعت حیدرآباد خصوصاً پرانے شہر تک محدود سمجھی جاتی تھی۔ لیکن، پچھلے کچھ سالوں سے یہ پارٹی مختلف ریاستوں میں الیکشن لڑ رہی ہے۔ اس نے بہار، اتر پردیش اور مہاراشٹر جیسی ریاستوں میں الیکشن لڑا ہے اور کچھ اسمبلی سیٹوں پر بھی کامیابی حاصل کی ہے۔مہاراشٹر میں ہوئے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں مجلس پارٹی نے چھترپتی شمبھاجی نگر اور مالیگاؤں کارپوریشنوں میں بہتر نتائج حاصل کئے۔

اونگ آباد اور مالیگاؤں میں زبردست مظاہرہ 

مجلس پارٹی چھترپتی شمباجی نگر میونسپل کارپوریشن میں دوسرے نمبر پر آئی اور مالیگاؤں میں سرفہرست رہی۔شمبھاج نگر میں پارٹی کے اندر پیدا ہونے والے اختلافات، بغاوتوں اور تنقیدوں پر قابو پاتے ہوئے مجلس پارٹی نے 33 سیٹیں جیت لیں۔ 2015 میں اس نے یہاں 24 سیٹیں جیتی تھیں اور اس بار اس تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔مالیگاؤں کے کل 84 وارڈوں میں سے مجلس پارٹی نے 20 سیٹیں جیت کر پہلے نمبر پر آیا۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی 18 سیٹیں جیت کر دوسرے نمبر پر آئی ہے۔ یہاں دوسروں نے 35 سیٹیں جیتیں۔

 ایم آئی ایم کا  کسی سے نہیں ہوگا اتحاد

 آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اسد الدین اویسی نے کہا کہ مہاراشٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) یا نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔

کامیابی پراللہ کا شکر،عوام سے اظہار تشکر

ہفتہ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ ہندو اور دلت دونوں بھی ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے اے آئی ایم آئی ایم کے ٹکٹ پر جیتا۔ انہوں نے فتح پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور ووٹرز اور پارٹی کارکنوں کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پارٹی کے مہاراشٹر کارپوریٹروں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کے درمیان رہیں اور اپنے اپنے وارڈوں میں تندہی سے کام کریں۔

نتائج مخالفین کےلئے سبق: امتیازجلیل 

ان نتائج پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مہاراشٹر مجلس پارٹی کے صدر اور سابق ایم پی امتیاز جلیل نے کہا کہ یہ نتائج ان لوگوں کے لیے سبق ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ مجلس پارٹی ایک برادری سے تعلق رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان نتائج نے اس دعوے کو غلط ثابت کر دیا ہے کہ مجلس پارٹی صرف مسلمانوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی اور ایس ٹی سمیت ہندوؤں نے بھی اپنی پارٹی کی طرف سے الیکشن لڑا اور جیت گئے۔

 تلنگانہ لوکل باڈی الیکشن کی تیاریاں

 اے آئی ایم آئی ایم پارٹی تلنگانہ میں میونسپل انتخابات کی تیاری کر رہی ہے اور اس نے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمندوں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ ایک پریس ریلیز میں، پارٹی نے کہا کہ دلچسپی رکھنے والے امیدواروں کو متعلقہ ضلع کے ٹاؤن صدر کو درخواستیں جمع کرانا ہوں 
گی اور بعد میں اسے حیدرآباد میں پارٹی ہیڈکوارٹر بھیجنا ہوگا ۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جنوری ہے۔