مہاراشٹرا کےبعد اب تلنگانہ کے حالیہ بلدی انتخابات میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ اےا ٓئی ایم آئی ایم نے نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں ڈپٹی میئر کا عہدہ حاصل کیا۔ اور ساتھ ہی عادل آباد اور بودھن میونسپل کونسل میں وائس چیئرمین کےعہدے حاصل کئے۔ پارٹی کی جانب سے نائب صدرنشین اور ڈپٹی میئر کو مبارکباد پیش کی گئی۔ ایم آئی ایم نے نظام آباد میں بی جےپی کو واحد بڑی پارٹی ہونے کے باوجود اقتدار سے روکا۔
عادل آباد میونسپل کونسل میں وائس چیرمین
عادل آباد میونسپلٹی میں آزاد کونسلر بندری انوشا کو چیئرپرسن کے طور پر منتخب کیا گیا جبکہ اے آئی ایم آئی ایم کے محمد روہت کو وائس چیرمین کے طور پر منتخب کیا گیا۔49 رکنی شہری باڈی میں بی جے پی 21 سیٹیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی۔ کانگریس نے 11، بی آر ایس اور اے آئی ایم آئی ایم نے چھ سیٹیں جیتیں۔ پانچ آزاد امیدوار بھی منتخب ہوئے۔کانگریس، بی آر ایس، اے آئی ایم آئی ایم اور چار آزاد امیدواروں نے بندری انوشا کی بطور چیئرپرسن حمایت کی۔ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے محمد روہت کو عادل آباد میونسپل کونسل کے وائس چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔اس کا میابی پر پارٹی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا ہے۔امید ہے کہ محمد روہت اپنی ذمہ داریاں ایمانداری، لگن اور عزم کے ساتھ نبھائیں گے اور شہر کی ترقی، بنیادی سہولیات کو سمجھنے اور عوامی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
نظام آباد کارپوریشن میں ڈپٹی میئر
نظام آباد میونسپل کارپوریشن میں کانگریس کی کے اوما رانی کو آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کی حمایت سے میئر منتخب کیا گیا۔اے آئی ایم آئی ایم کی سلمیٰ تحسین ڈپٹی میئر منتخب ہوئیں۔اس طرح حکمراں کانگریس بی جے پی کو روکنے میں کامیاب ہو گئی جو واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تھی۔
اے آئی ایم آئی ایم پارٹی کی سلمیٰ تحسین کو نظام آباد میونسپل کارپوریشن کا ڈپٹی میئر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی گئی۔ اور کہا گیا یہ کامیابی ثابت قدمی، محنت اور عوام کے اعتماد کا نتیجہ ہے۔امید ہے کہ وہ انصاف، دیانت اور پوری لگن کے ساتھ شہر کے ترقی پسند کام کو آگے بڑھائیں گی اور عوام کی خدمت میں پیش پیش رہیں گی۔
بودھن میونسپلٹی وائس چیئرمین
اے آئی ایم آئی ایم پارٹی میر الیاس علی کو مبارکباد پیش کرتی ہے جو بودھن میونسپلٹی کے وائس چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ یہ کامیابی عوام کے اتحاد اور محنت کا نتیجہ ہے۔ امید ہے کہ الیاس علی پوری ایمانداری اور لگن کے ساتھ شہر کے ترقی پسند کام کو آگے بڑھائیں گے۔بھینسہ میونسپلٹی میں آزاد امیدوار چیئرپرسن اور وائس چیئرپرسن منتخب ہوئے۔
84 پر کانگریس کا قبضہ
تلنگانہ میں کانگریس حکومت نے 105 میونسپلٹیوں میں سے 84 میں اقتدار پر قبضہ کرلیا، سات میونسپل کارپوریشنوں میں سے چھ میں پیر کو چیرپرسن، وائس چیرپرسن، میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب کیا گیا۔اگرچہ 116 بلدیات کے لیے 11 فروری کو انتخابات ہوئے اور 13 فروری کو نتائج کا اعلان کر دیا گیا، تاہم 11 بلدیات میں نئے منتخب ہونے والے کونسلرز کے ذریعے چیئرپرسن اور وائس چیئرپرسن کا انتخاب نہیں ہو سکا۔
پرنسپل اپوزیشن بھارت راشٹرا سمیتی (BRS) نے 17 میونسپلٹیوں کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (BJP) نے ریاست میں ایک میونسپلٹی حاصل کی۔،آزاد امیدوار تین بلدیات کے چیئرمین منتخب ہوئے۔
اگرچہ، کانگریس نے 66 میونسپلٹیوں میں اکثریت حاصل کی تھی، لیکن اس کے کونسلرز دیگر پارٹیوں اور آزاد امیدواروں کی حمایت سے دیگر 18 میونسپلٹیوں میں چیئرپرسن اور ڈپٹی چیئرپرسن کے طور پر منتخب ہوئے۔
بی جے پی اور کانگریس نے کی ایک دوسرےکی مدد
کانگریس نے تلنگانہ میں بی جے پی کی حمایت سے دو بلدیات پر اقتدار حاصل کیا۔بی جے پی نے میدک ضلع میں نرساپور میونسپلٹی کے چیرپرسن کے عہدے کے لیے کانگریس کی حمایت کی۔ حکمراں کانگریس نے بدلے میں بی جے پی کونسلر کا نائب صدر کے طور پر انتخاب یقینی بنایا۔
اسی طرح کا انتظام بی جے پی اور کانگریس نے میدچل ملکاجگیری ضلع کے علی آباد میں کیا تھا۔
بی آر ایس نے کی بی جےپی حمایت
بی آر ایس نے بی جے پی کی حمایت سے رنگاریڈی ضلع میں امنگل میونسپلٹی کے چیرپرسن کا عہدہ حاصل کیا۔ بی آر ایس نے اپنے امیدوار کو نائب صدر کے طور پر منتخب کرنے کے لیے بی جے پی کی حمایت کی۔
کانگریس کے میئر
کانگریس نے چار میونسپل کارپوریشنوں -- محبوب نگر، منچریال، نلگنڈہ اور راما گنڈم میں میئر اور ڈپٹی میئر دونوں کے عہدے حاصل کئے۔
کوتہ گوڑیم پر سی پی آئی کا قبضہ
کانگریس کی اتحادی کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے موڈ گنیش کوتہ گوڑیم میونسپل کارپوریشن کے میئر منتخب ہوئے۔کانگریس کی ایس للیتا کمار ڈپٹی میئر منتخب ہوئیں۔دونوں پارٹیوں نے 60 رکنی کارپوریشن میں 22-22 سیٹیں جیتی تھیں۔