مہاراشٹر کی منکھرد شیواجی نگر سیٹ سے سماج وادی پارٹی کے ایم ایل اے ابو اعظمی کو مغل بادشاہ اورنگ زیب کی تعریف کرنے والے بیان کی وجہ سے پورے بجٹ اجلاس کے لیے مہاراشٹر اسمبلی سے معطل کر دیا گیا۔چار بار کے ایم ایل اے کو معطل کرنے کی تجویز کو پارلیمانی امور کے وزیر چندرکانت پاٹل نے کارروائی شروع ہوتی ہی پیش کیا جس کے بعد بجٹ اجلاس سے ابو اعظمی کو معطل کر دیا گیا۔
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ابو اعظمی کے بیان سے مہاراشٹر کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں اور انہیں اس کی سخت سزا دی جائے گی۔ اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اسے معطل کر دیا جائے گا۔
بیان پر معذرت کی۔
ایس پی ایم ایل اے ابو اعظمی نے اورنگزیب پر اپنا بیان واپس لیتے ہوئے معافی مانگ لی ہے ۔ ابو اعظمی نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ،میرے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے، میں نے اورنگزیب رحمت اللہ علیہ کے بارے میں وہی کہا ہے جو مورخین اور مصنفین نے کہا ہے۔
منکھرد شیواجی نگر کے ایم ایل اے ابو اعظمی نے مزید لکھا، میں نے چھترپتی شیواجی مہاراج، سمبھاجی مہاراج یا کسی دوسرے عظیم شخصیت کے بارے میں کوئی تضحیک آمیز تبصرہ نہیں کیا ہے، لیکن پھر بھی، اگر کسی کو میرے بیان سے تکلیف پہنچی ہے، تو میں اپنے الفاظ، اپنے بیان کو واپس لیتا ہوں۔
اس سے قبل پیر 3 مارچ کو ایس پی لیڈر ابو اعظمی نے مغل حکمران اورنگزیب کی تعریف کی تھی۔ اس کے بعد ملک میں بیانات کا دور شروع ہو گیا۔ ابو اعظمی نے کہا تھا کہ اورنگزیب ایک انصاف پسند بادشاہ تھا، اس کے دور میں ہندوستان سونے کی چڑیا بن گیا، میں اورنگ زیب کو ظالم حکمران نہیں مانتا، اورنگ زیب کے دور میں حکمرانی کی لڑائی تھی، مذہب کی نہیں، ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان کوئی لڑائی نہیں تھی۔ اورنگ زیب نے اپنے دور میں کئی ہندو مندروں کی تعمیر کروائی جس میں اورنگزیب نے اپنے دور میں دس مندروں کی تعمیر کرائی۔