Wednesday, July 01, 2026 | 14 محرم 1448
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • اےپی: این ڈی اے حکومت کی جانب سے حاجیوں کیلئے1 لاکھ روپئے کی سبسڈی

اےپی: این ڈی اے حکومت کی جانب سے حاجیوں کیلئے1 لاکھ روپئے کی سبسڈی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jul 01, 2026 IST

اےپی: این ڈی اے حکومت کی جانب سے حاجیوں کیلئے1 لاکھ روپئے کی سبسڈی
اےپی ،وجئے واڑہ کے عازمین حج کو 1 لاکھ روپے کی سبسڈی ملے گی 
 3.31 کروڑ روپے براہ راست 331 عازمین کے کھاتوں میں جمع  ہوں گے
یہ فیصلہ اضافی ہوائی کرایوں کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے ہے
اقلیتی امور کے مشیر نے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا شکریہ ادا کیا
حکومتی مشیر نےYCP اور میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف خبردارکیا
 
آندھرا پردیش کی این ڈی اے حکومت نے سال 2026 کے حجاج کرام  کو سبسڈی جاری کیا ہے۔ وجئے واڑہ ہوائی اڈے سے سفر کرنے والے ہر حاجی کے لیے ایک لاکھ روپے سبسڈی  جاری  کی ہے۔ یہ رقم براہ راست حاجیوں کے بینک کھاتوں میں جمع کرائی ہے۔
 
اس سال ریاست  آندھراپردیش سے کل 1,987 افراد حج پر گئے، جن میں سے 331 نے وجئے واڑہ سے سفر کیا۔ بنگلور اور حیدرآباد کے ہوائی اڈوں کے مقابلے وجئے واڑہ سے سفر کرنے والوں کو تقریباً 80,000  روپے کا اضافی بوجھ ادا کرنا پڑا۔ اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے چیف منسٹر نارا چندرا بابو نائیڈو نے  ہر ایک  حاجی کو 1 لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے مطابق حکومت نے مجموعی طور پر 331 عازمین کے لیے 3.31 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔
 
آندھراپردیش اقلیتی امور کے مشیر ایم ڈی شریف نے حکومت کے فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یاد دلایا کہ حکومت پچھلے سال (2025) اسی طرح وجئے واڑہ کے  حاجیوں کے ساتھ کھڑی تھی۔ انہوں نے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنی بات پر عمل کیا اور مسلم اقلیتوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ این ڈی اے حکومت اپنے وعدوں کو نبھا رہی ہے۔
 
ساتھ ہی، شریف نے YCP کے حامی میڈیا پر کڑی تنقید کی۔ انہوں نےکچھ میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پر سبسڈی کی ادائیگی میں 15 دن کی معمولی تاخیر کا استعمال کرتے ہوئے جھوٹا پروپیگنڈہ پھیلانے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی گھٹیا سیاست ہے اور خبردار کیا کہ اگر اس قسم کے جھوٹے پروپیگنڈے کو نہ روکا گیا تو عوام ایک بار پھر اپنی عقلمندی کا مظاہرہ کریں گے۔
 
 اسمبلی انتخابات کے دوران، تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے صدر این چندرابابو نائیڈو نے وعدہ کیا تھا کہ اگر اتحاد کو اقتدار حاصل ہوتا ہے، تو وہ عازمین حج کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد فراہم کرے گی۔انہوں نے یہ وعدہ نیلور میں مسلم کمیونٹی سے بات چیت کے دوران کیا تھا۔نائیڈو نے کہا کہ ’’ریاست میں این ڈی اے کے اقتدار میں آنے کے فوراً بعد حج کے سفر پر مکہ آنے والے ہر مسلمان کو 1 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔‘‘
 
چندرا بابو نائیڈو نے اماموں اور مؤذن کے لیے بالترتیب 10,000 اور 5,000 روپے ماہانہ اعزازیہ دینے کا بھی وعدہ کیا تھا۔ اس وعدے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فنڈز جاری کیے  گئے۔ مخلوط حکومت تعلیم اور ملازمت میں پسماندہ طبقات (E) زمرے کے تحت مسلمانوں کے لیے 4 فیصد ریزرویشن بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
 
نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) میں ٹی ڈی پی، بی جے پی اور جنا سینا شامل ہیں۔