Thursday, October 09, 2025 | 17, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • آندھراپردیش : آٹو اور کیب ڈرائیورز کیلئے نئی اسکیم کا آغاز،ہرسال 15000 روپے کی امداد

آندھراپردیش : آٹو اور کیب ڈرائیورز کیلئے نئی اسکیم کا آغاز،ہرسال 15000 روپے کی امداد

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 04, 2025 IST

آندھراپردیش : آٹو اور کیب ڈرائیورز کیلئے نئی اسکیم کا آغاز،ہرسال 15000 روپے کی  امداد
آندھراپردیش حکومت نے  4 اکتوبر ہفتہ کو ایک اور عوامی فلاحی اسکیم کا آغاز کیا  ۔ اے پی چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے ریاست میں آٹو اور کیب ڈرائیورس کیلئے ایک نئی اسکیم شروع کی۔ اس اسکیم کے ذریعہ ریاست بھر کے آٹو ڈرائیورس اور کیب ڈرائیوروں کو سالانہ 15 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔ عہدیداروں نے ریاست بھر میں جملہ 2,90,669 ڈرائیوروں کو اس اسکیم کیلئے اہل قرار دیا ہے۔ حکومت اس اسکیم پر مجموعی طور پر 436 کرور روپے خرچ کرے گی۔
 
سالانہ 15 ہزار روپے فراہم کئے جائیں  گے:
 
 اس اسکیم کے تحت 2.9 لاکھ سے زیادہ اہل آٹو اور کیب ڈرائیورس کو سالانہ 15 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس اسکیم کا مقصد آٹورکشا، موٹر کیب اور میکسیکیب ڈرائیوروں کو مالی امداد فراہم کرنا ہے۔ اسکیم کے آغاز کے بعد چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو ۔ ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان اور ریاستی وزیر نارا لوکیش نے آٹو میں سفر کرتے ہوئے ڈرائیوروں سے تفصیلی بات چیت کی اور انہیں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد سے واقف کرایا۔ اس کے علاوہ چیف منسٹر ۔ ڈپٹی چیف منسٹر اور ریاستی وزیر نے مسافروں سے بھی حکومت کی کارکردگی سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ 
 
اے پی ریونیو جنریشن میں بنارہا ہے نئے ریکارڈ:
 
ساتھ ہی بتا دیں کہ ریاست آندھراپردیش ،ریونیو جنریشن میں نئے ریکارڈ بنا رہا ہے اور مالی طور پر مضبوط بنیاد پر آگے بڑھ رہا ہے۔ خاص طور پر ستمبر 2025 میں جی ایس ٹی کی وصولی میں اب تک کا سب سے زیادہ ہونا ریاست کی معیشت کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ ریکارڈ شدہ آمدنی توقعات سے زیادہ ہے اور یہ کمرشل ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اس سال ستمبر میں ریاست کو دو ہزار 789 کروڑ روپیوں کا مجموعی جی ایس ٹی حاصل ہوا۔ عہدیداروں کے مطابق ستمبر 2024 کے مقابلے خالص آمدنی میں 7.45 فیصد اضافہ ہواہے۔ حکام اسے ریاست کی اقتصادی تاریخ میں سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔

اس دوران چیف کمرشل ٹیکسیشن آفیسر اے بابو نے کہا کہ ریاست میں اشیاء کی کھپت میں اضافہ اور ٹیکس وصولی میں حکام کی طرف سے سخت کارروائی اس ترقی کی وجوہات ہیں۔اے پی حکومت نے جی ایس ٹی کے ساتھ دیگر ٹیکسوں کی وصولی میں اہم پیش رفت کی ہے۔ اس کی وجہ گزشتہ تین ماہ میں پیٹرول کی فروخت میں مسلسل اضافہ ہے۔ دوسری جانب پروفیشنل ٹیکس وصولیوں میں 43.75 فیصد کی غیر معمولی نمو ریکارڈ کی گئی۔ یہ ریاست میں تجارتی سرگرمیوں اور روزگار میں اضافے کا اشارہ ہے۔