Thursday, February 13, 2025 | 14, 1446 شعبان
  • News
  • »
  • کاروبار
  • »
  • اٹل سیتو ٹول ٹیکس :مہاراشٹر حکومت کا اعلان،مقررہ ٹول ٹیکس رہے گا جاری

اٹل سیتو ٹول ٹیکس :مہاراشٹر حکومت کا اعلان،مقررہ ٹول ٹیکس رہے گا جاری

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jan 29, 2025 IST     

image
مہاراشٹر حکومت نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے اگلے ایک سال کے لیے جنوبی ممبئی کو نوی ممبئی سے جوڑنے والے ہندوستان کے سب سے طویل سمندری پل اٹل سیٹو پر ٹول کی شرح بڑھانے پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اٹل سیتو کا ٹول ٹیکس 250 روپے کی شرح سے ایک اور سال تک جاری رکھا جائے گا۔
 
چیف منسٹر کے دفتر (سی ایم او) کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کی میٹنگ میں اٹل سیٹو کے ٹول ریٹ کا سالانہ جائزہ لینے اور 31 دسمبر 2025 تک وہی رعایتی ٹول ریٹ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس نئے فیصلے کی وجہ سے کاروں اور ایس یو وی جیسے فور وہیلر کے لیے کم از کم ٹول ٹیکس صرف 250 روپے ہی رہے گا۔
 
 ہندوستان کے سب سے طویل سمندری پل اٹل سیٹو کی کل لمبائی 21.8 کلومیٹر ہے۔ اس کا 16.5 کلومیٹر حصہ سمندر میں اور 5.5 کلومیٹر حصہ خشکی پر ہے۔ اس 6 لین والے پل کا افتتاح ایک سال قبل 12 جنوری 2024 کو وزیر اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔ یہ پل مہاراشٹر میں بنیادی ڈھانچے کے ایک بڑے پروجیکٹ کی تکمیل کا نشان ہے۔یہ پل جنوبی ممبئی میں سیوری (sewri )سے شروع ہوتا ہے اور ایلیفانٹا جزیرے کے شمال میں تھانے کریک (Thane Creek)کو عبور کرتا ہے اور نہوا شیوا کے قریب چرلے گاؤں پر ختم ہوتا ہے۔ 
 
یہ پل 21,200 کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا گیا ہے جس میں سے 15,000 کروڑ روپے قرض کی شکل میں ہیں۔ غور طلب ہے کہ حال ہی میں ممبئی اور نوی ممبئی کے درمیان اٹل سیٹو برج کے ذریعے سفر کرنا کافی کفایتی ہو گیا ہے کیونکہ نوی ممبئی میونسپل ٹرانسپورٹ (NMMT) نے کرایہ 50فیصد سے زیادہ کم کر دیا ہے۔یہ پل سفر کے وقت کو کم کرنے اور خطے میں رابطے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پچھلے سال جنوری سے اگست تک تقریباً 50 لاکھ گاڑیاں اس پل سے گزری تھیں۔ ان میں بسیں، پرائیویٹ کاریں اور کمرشل گاڑیاں شامل ہیں۔