Wednesday, March 11, 2026 | 21 رمضان 1447
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • بی سی سی آئی کا بھارتی ٹیم کیلئے 131 کروڑ روپے انعام کا اعلان

بی سی سی آئی کا بھارتی ٹیم کیلئے 131 کروڑ روپے انعام کا اعلان

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Mar 11, 2026 IST

بی سی سی آئی کا بھارتی ٹیم کیلئے 131 کروڑ روپے انعام کا اعلان
بی سی سی آئی نے انڈین ٹیم  کو  آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شاندار فتح کے بعد 131 کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ یہ رقم بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کسی ٹیم کو دی جانے والی اب تک کی سب سے بڑی انعامی رقم ہے۔
 
اس سے قبل بی سی سی آئی نے 2024 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کیلئے 125 کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا تھا، تاہم اس بار اس ریکارڈ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس تاریخی کامیابی پر ٹیم کے تمام کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف اور سلیکٹرز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔
 
سوریہ کمار یادو  کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور صرف ایک میچ میں شکست کا سامنا کیا۔ فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ بھارت نے ریکارڈ تیسری مرتبہ یہ عالمی اعزاز حاصل کیا۔
 
یہ بھی پہلی بار ہوا ہے کہ کسی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا کامیابی سے دفاع کیا ہو۔ اس کے علاوہ بھارت تاریخ میں پہلی ٹیم بن گیا ہے جس نے میزبان ملک کی حیثیت سے بھی یہ بڑا اعزاز حاصل کیا۔
 
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق 131 کروڑ روپے کی انعامی رقم میں ٹیم کے 15 کھلاڑیوں کے ساتھ کوچنگ اسٹاف اور دیگر معاون عملہ کو بھی شاملکیا گیا ہے۔ اگرچہ بی سی سی آئی نے ابھی تک انعامی رقم کی تفصیلات جاری نہیں کیں، تاہم ذرائع کے مطابق اس رقم کا بڑا حصہ کھلاڑیوں کو دیا جائے گا جبکہ معاون عملے کو ان کی ذمہ داریوں اور عہدوں کے مطابق رقم فراہم کی جائے گی۔
 
بی سی سی آئی کے سیکریٹری  نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیم انڈیا کی یہ کامیابی بھارتی کرکٹ کیلئے ایک تاریخی لمحہ ہے اور اس سے ملک میں کھیل کے فروغ کو مزید تقویت ملے گی۔
 
دوسری جانب عالمی کرکٹ کونسل کی جانب سے بھی بھارتی ٹیم کو بھاری انعامی رقم دی گئی ہے۔ فائنل میں شاندار فتح کے بعد بھارت کو فاتح ٹیم کے طور پر 2.34 ملین امریکی ڈالر یعنی تقریباً 21.5 کروڑ روپے انعام میں ملے۔
 
فائنل میں شکست کھانے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کو رنر اپ کے طور پر 1.17 ملین امریکی ڈالر یعنی تقریباً 10.75 کروڑ روپے دیے گئے۔ ماہرین کے مطابق بھارت کی یہ کامیابی نہ صرف کرکٹ کی دنیا میں ایک بڑی پیش رفت ہے بلکہ اس سے عالمی سطح پر بھارتی کرکٹ کی برتری بھی مزید مستحکم ہوئی ہے۔