Wednesday, May 14, 2025 | 16, 1446 ذو القعدة
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بی جے پی کی آج سے 11 روزہ ملک گیر ترنگا یاترا،آپریشن سندور کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا یاترا کا مقصد

بی جے پی کی آج سے 11 روزہ ملک گیر ترنگا یاترا،آپریشن سندور کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا یاترا کا مقصد

Reported By: Munsif TV | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: May 13, 2025 IST     

image
بی جے پی 13 سے 23 تاریخ تک 11 دنوں کیلئے ملک گیر ترنگا یاترا کا اہتمام کرے گی تاکہ آپریشن سندور کی کامیابیوں کو شمار کیا جا سکے جوکہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد پاکستان کو سبق سکھانے اور فوج کی بہادری کی داستان کو عوام تک پہنچانے کیلئے شروع کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جنگ بندی کے بعد اپوزیشن کے حملوں کا جواب دینے کی حکمت عملی بھی بنائی گئی ہے۔مہم کے دوران مختلف سطحوں پر عوام سے براہ راست رابطے کے ذریعے اپوزیشن کے حملوں کا جواب دینے کے ساتھ ساتھ آپریشن سندور کے تحت کی گئی فوجی کارروائی کو ملک کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
 
 بی جے پی کے صدر جے پی نڈا کی جنرل سکریٹریوں اور سینئر لیڈروں کے ساتھ میٹنگ میں جوابی حکمت عملی تیار کی گئی تھی۔ پارٹی کے ایک سرکاری ذریعے نے اعتراف کیا کہ جس انداز میں جنگ بندی کا اچانک اعلان کیا گیا اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ذریعے دنیا کو اس کی جانکاری دی گئی اس سے پارٹی کے بنیادی ووٹ بینک کو مایوسی ہوئی ہے۔ پارٹی کو اس مایوسی کو دور کرنے کا بڑا چیلنج درپیش ہے۔ ذرائع نے کہا کہ پارٹی پیر کو وزیر اعظم کے قوم سے خطاب کے بعد اس صورتحال میں تبدیلی کی امید رکھتی ہے۔ 

 

سکریٹری خارجہ آئندہ ہفتے پارلیمانی کمیٹی کو  بریفنگ دیں  گے:

سکریٹری خارجہ وکرم مصری آئندہ ہفتے ایک پارلیمانی کمیٹی کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہند۔پاک فوجی تنازعہ پر بریفنگ دیں گے۔ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے ارکان کو بتایا گیا ہے کہ وکرم مصری 19 مئی کو کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔یہ ملاقات ہندوستانی مسلح افواج کی جانب سے پہلگام حملے کا بدلہ لینے کیلئے آپریشن سندور شروع کرنے اور اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان فوجی کارروائیوں کے پس منظر میں ہو رہی ہے۔وکرم مصری کمیٹی کو ہندوستان اور پاکستان کے حوالے سے خارجہ پالیسی کی موجودہ تبدیلیوں پر بھی بریفنگ دیں گے۔ دونوں فریقین نے 10 مئی کو تمام فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق کیا ہے۔وزیراعظم نے 12 مئی کو قوم سے اپنے خطاب میں آپریشن سندور میں پاکستان میں دہشت گردوں کے کیمپوں کو تباہ کرنے کا کریڈٹ ہندوستانی فوج کو دیا تھااور یہ بھی اعلان کیا تھاکہ میں عالمی برادری کو بتانا چاہتاہوں کہ اگر پاکستان کے ساتھ کوئی بات چیت ہوگی تو وہ صرف دہشت گردی پر ہوگی۔