Thursday, May 28, 2026 | 10 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بی جے پی میں بڑا ردوبدل: ہریانہ سمیت ان 4 ریاستوں میں ریاستی صدور تبدیل

بی جے پی میں بڑا ردوبدل: ہریانہ سمیت ان 4 ریاستوں میں ریاستی صدور تبدیل

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 28, 2026 IST

بی جے پی  میں بڑا ردوبدل: ہریانہ سمیت ان 4 ریاستوں میں ریاستی صدور تبدیل
بھارتیہ جنتا پارٹی (BJP) ہائی کمان نے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے چار اہم ریاستوں کے صوبائی صدور تبدیل کر دیے ہیں۔ پارٹی کی طرف سے جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق دہلی، پنجاب، ہریانہ اور تریپورہ میں نئے صدور کا تقرر کیا گیا ہے۔
 
دہلی بی جے پی کی کمان مرکزی وزیر ہرش ملہوترا کو سونپی گئی ہے، جبکہ پنجاب میں کیول سنگھ ڈھلوں کو نیا صدر بنایا گیا ہے۔ ہریانہ میں بی جے پی نے ڈاکٹر ارچنا گپتا پر بھروسہ جتایا ہے اور تریپورہ کی ذمہ داری اب ابھیشیک دیبرائے سنبھالیں گے۔
 
کون ہیں ہرش ملہوترا؟
 
ہرش ملہوترا کو ویرندر سچدیوہ کی جگہ نیا صوبائی صدر بنایا گیا ہے۔ ہرش 18ویں لوک سبھا میں مشرقی دہلی سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ مرکز کی حکومت میں سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کے وزارت اور کارپوریٹ امور کی وزارت میں وزیر مملکت ہیں۔
 
انہوں نے سال 2012 میں اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور وہ مشرقی دہلی کے ویلکم وارڈ سے پارشڈ منتخب ہوئے تھے۔ سال 2015 میں مشرقی دہلی نگر نگم (EDMC) کے میئر منتخب ہوئے۔ ہرش دہلی میں بی جے پی کے مہا منتری بھی رہ چکے ہیں۔ سال 2024 میں وہ پہلی بار لوک سبھا انتخابات جیتے اور رکن پارلیمنٹ بننے کے ساتھ ساتھ مرکزی وزراء کی فہرست میں بھی شامل ہوئے۔
 
کون ہیں ارچنا گپتا؟
 
ارچنا گپتا کو موہن لال بدولی کی جگہ صوبائی صدر بنایا گیا ہے۔ وہ مشہور ڈاکٹر اور ریڈیالوجسٹ ہیں۔ ان کے شوہر انیل گپتا بھی ڈاکٹر اور آئی اسپیشلسٹ ہیں۔ ان کی بیٹی آروشی بھی ڈاکٹر ہیں۔ جبکہ ان کے بیٹے اویریل نے لندن اسکول آف اکانومکس سے تعلیم حاصل کی ہے۔
 
ارچنا صوبائی صدر بننے سے پہلے پارٹی کی صوبائی مہا منتری تھیں۔ پانی پت میں 4 ستمبر 2016 سے 18 اگست 2020 تک بی جے پی خواتین مورچہ کی صدر کا عہدہ سنبھالا۔ وہ پانی پت میں ہی بی جے پی ضلعی صدر کی کرسی بھی سنبھال چکی ہیں۔ ڈاکٹر ارچنا وشو ہندو پریشد کی رکن رہی ہیں۔ 2010 سے 2016 تک ضلعی سہ سنوجک کے ساتھ ساتھ ہریانہ میں نائب صدر کے عہدے پر بھی رہیں۔
 
کون ہیں کیول سنگھ ڈھلون؟
 
کیول سنگھ ڈھلون کو سنیل جاکھڑ کی جگہ بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) نے صوبائی صدر بنایا ہے۔ وہ برنالہ سے قانون ساز رہ چکے ہیں۔ جون 2022 میں کیول سنگھ نے بی جے پی جوائن کی تھی۔ اس سے پہلے وہ کانگریس میں تھے اور سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ کے بہت قریبی لیڈروں میں شمار ہوتے تھے۔
 
بی جے پی جوائن کرنے کے بعد انہیں پہلے صوبائی نائب صدر کی ذمہ داری ملی۔ انہیں پنجاب کور کمیٹی کا رکن بھی بنایا گیا تھا۔ اب 2027 کے پنجاب اسمبلی انتخابات کے لیے پارٹی کو تیار اور مضبوط کرنے کی ذمہ داری سونپتے ہوئے ان پر اعتماد ظاہر کیا گیا ہے۔
 
کون ہیں ابھیشیک دیبرائے؟
 
ابھیشیک گوتمتی ضلع کے مٹر باری اسمبلی حلقے سے تریپورہ اسمبلی کے رکن ہیں۔ سال 2023 میں وہ پہلی بار انتخابات جیت کر قانون ساز بنے تھے۔ وہ تریپورہ کے گوتمتی ضلع کے کاکر بن کے رہائشی ہیں۔ وہ ہیمانشو دیبرائے کے بیٹے ہیں۔
 
انہوں نے 2020 میں راجیو گاندھی ہیلتھ سائنس یونیورسٹی، کرناٹک سے فارمیسی میں گریجویشن کی ڈگری مکمل کی۔ دیبرائے نے سال 2023 میں مٹر باری اسمبلی انتخابات میں 51.06 فیصد ووٹوں سے جیت حاصل کی تھی۔ انہیں 25,494 ووٹ ملے تھے اور انہوں نے کانگریس کے پراناجیت رائے کو 9,041 ووٹوں سے ہرایا تھا۔