Thursday, May 28, 2026 | 10 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • بنگلہ دیش میں امریکی صدر کے ہم نام نایاب سفید بھینسے کی قربانی پر کیوں لگی روک؟

بنگلہ دیش میں امریکی صدر کے ہم نام نایاب سفید بھینسے کی قربانی پر کیوں لگی روک؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 28, 2026 IST

بنگلہ دیش  میں امریکی صدر کے ہم نام نایاب سفید بھینسے کی قربانی پر  کیوں لگی  روک؟
بنگلہ دیش کی حکومت نے عید الاضحیٰ کے موقع پر ایک  اہم فیصلہ لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر وائرل 'ڈونلڈ ٹرمپ' نامی ایک نایاب سفید بھینسے کی قربانی پر روک لگا دی ہے۔ حکومت نے اس نادر الخلقت جانور کو قومی چڑیا گھر میں مستقل طور پر محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بھینسا اپنے مخصوص بناوٹ اور سنہرے بالوں کے اسٹائل کی وجہ سے انٹرنیٹ پر زبردست توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا، اور لوگوں کا ماننا تھا کہ اس کے بالوں کا انداز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہت رکھتا ہے، اسی لیے اس کا نام بھی 'ڈونلڈ ٹرمپ' رکھ دیا گیا تھا۔
 
قربانی سے چند گھنٹے پہلے پولیس کی آمد:
 
رپورٹس کے مطابق، تقریباً 700 کلو وزنی اس نایاب بھینسے کو عید کے موقع پر قربانی کے لیے خریدا گیا تھا۔ لیکن قربانی سے کچھ ہی گھنٹے پہلے پولیس اور محکمہ حیوانیات کے اعلیٰ حکام سرکاری حکم نامہ لے کر موقع پر پہنچ گئے اور بھینسے کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
 
بھینسے کے موجودہ مالک منیرالزمان نے کیا کہا؟
 
بھینسے کے موجودہ مالک منیرالزمان  نے کہا کہ،میں نے تین دن پہلے اسے اپنے گھر پر قربانی کی غرض سے خریدا تھا، لیکن بدھ کی دوپہر اچانک پولیس افسران نے آ کر کہا کہ حکومت اس نایاب جانور کو وائلڈ لائف تحفظ کے تحت محفوظ رکھنا چاہتی ہے۔ حکومت نے اس کے بدلے مجھے مناسب مالی معاوضہ یا کوئی دوسری گائے، بھینسا یا بیل دینے کی پیشکش کی ہے۔
 
چڑیا گھر میں الگ شیڈ تیار:
 
مقامی پولیس افسر روح الامین قدوس کے مطابق، محکمہ حیوانیات کا ماننا ہے کہ یہ البینو بھینسا ابھی کافی ریسرچ اور افزائشِ نسل کے لیے کارآمد ہے اور اسے کئی سالوں تک زندہ رکھا جا سکتا ہے۔ ڈھاکہ کے قومی چڑیا گھر کے کیوریٹر عتیق الرحمن نے تصدیق کی ہے کہ اس نایاب مہمان کے لیے چڑیا گھر میں ایک الگ وی آئی پی شیڈ اور خصوصی دیکھ بھال کرنے والے ملازم کا انتظام کر دیا گیا ہے۔
 
بھینسے کے پرانے مالک اور ایگرو فارم کے مینیجر ضیاء الدین مردھا نے بتایا کہ ان کے بھائی نے اس کے انوکھے سنہری بالوں کو دیکھ کر ہی اس کا نام 'ڈونلڈ ٹرمپ' رکھا تھا، جس کے بعد سے ہی یہ سوشل میڈیا اسٹار بن چکا تھا۔
 
بنگلہ دیش میں 1.2 کروڑ قربانیاں:
 
ضیاء الدین کے مطابق، اس بھینسے کی شاہی دیکھ بھال کی جاتی تھی؛ اسے دن میں چار بار نہلایا جاتا تھا اور چار بار خصوصی خوراک دی جاتی تھی۔ اس کے لمبے سنہری بال، ہلکی گلابی ناک اور سفید جسم اسے عام بھینسوں سے بالکل مختلف بناتے تھے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں عام طور پر کالے رنگ کے بھینسے پائے جاتے ہیں، اس لیے البینو نسل کا وہاں ملنا انتہائی ناگزیر مانا جاتا ہے۔
 
دوسری طرف، محکمہ حیوانیات کے اعداد و شمار کے مطابق، اس سال عید الاضحیٰ کے موقع پر بنگلہ دیش بھر میں تقریباً 1.2 کروڑ (ایک کروڑ 20 لاکھ) مویشیوں کی قربانی دیے جانے کا تخمینہ ہے۔