بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے جمعرات کو بہاراسمبلی انتخابات کے لیے 40 افراد پر مشتمل اسٹار انتخابی تشہیر ٹیم کا اعلان کیا ہے۔ اس فہرست میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، اور مرکزی اور ریاستی بی جے پی کے کئی سرکردہ رہنما شامل ہیں، جو این ڈی اے کے امیدواروں کی حمایت میں انتخابی ریاست بھر میں مہم چلائیں گے۔
پی ایم اور مرکزی وزرا
وزیر اعظم نریندر مودی بی جے پی کے اسٹار مہم چلانے والوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں، اس کے بعد بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نتن گڈکری، مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان، اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان ہیں۔
ریاستوں کے وزرائےاعلیٰ
اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ، مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڑنویس، آسام کے وزیر اعلی ہمانتا بسوا سرما، مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی موہن یادو اور دہلی کی وزیر اعلی ریکھا گپتا بھی بہار انتخابات کے لئے اسٹار مہم چلانے والوں کی فہرست میں شامل ہیں۔
بی جے پی لیڈرز
بہار کے نائب وزرائے اعلیٰ سمرت چودھری اور وجے کمار سنہا، بہار بی جے پی کے صدر دلیپ جیسوال، مرکزی وزیر گری راج سنگھ، اور سابق مرکزی وزراء روی شنکر پرساد اور اشونی کمار چوبے نے بی جے پی کے اسٹار پرچارکوں کی فہرست میں جگہ بنائی ہے۔بی جے پی کے دیگر ناموں میں نتیا نند رائے، رادھا موہن سنگھ، رینو دیوی، پریم کمار، راجیو پرتاپ روڈی، سنجے جیسوال، نند کشور یادو، سادھوی نرنجن جیوتی، اور ونود تاوڑے شامل ہیں۔
ہندی اور بھوجپوری اداکار
بھوجپوری اور ہندی فلموں کے مشہور ستارے پون سنگھ، منوج تیواری، روی کشن اور دنیش لال یادو 'نیراہوا' کو بھی بی جے پی کے اسٹار پرچارکوں میں شامل کیا گیا ہے، جس نے پارٹی کی مہم کی حکمت عملی میں مشہور شخصیات کی اپیل کا اضافہ کیا۔بی جے پی کےا سٹار کمپینرز کی فہرست اب عام ہونے کے ساتھ ہی، پورے بہار میں سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر پہنچ گئی ہیں کیونکہ تمام سیاسی جماعتیں ہائی وولٹیج انتخابی جنگ کے لیے تیار ہیں۔
گرینڈ الائنس میں سیٹوں کی تقسیم
این ڈی اے نے نشستوں کی تقسیم کا عمل مکمل کر لیا ہے اور اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے، گرینڈ الائنس (آر جے ڈی-کانگریس-بائیں بازو) اب بھی اندرونی سیٹوں کی تقسیم کے تنازعات کو حل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔
دو مرحلوں میں پولنگ
بہار اسمبلی کے انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے پہلا مرحلہ 6 نومبر کو اور، دوسرا مرحلہ 11 نومبر کو ہو گا۔ریاستی انتخابات کے لیے پہلے مرحلے میں 121 اور دوسرے مرحلے میں 122 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جائیں گے۔نتائج کا اعلان 14 نومبر کو کیا جائے گا۔