Sunday, April 19, 2026 | 01 ذو القعدة 1447
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • خواتین کو نمائندگی دینے کے معاملے میں بی جے پی سب سے پیچھے ؟جانیے کانگریس سمیت ديگر پارٹیوں کی صورتحال؟

خواتین کو نمائندگی دینے کے معاملے میں بی جے پی سب سے پیچھے ؟جانیے کانگریس سمیت ديگر پارٹیوں کی صورتحال؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Apr 19, 2026 IST

خواتین کو نمائندگی دینے کے معاملے میں بی جے پی سب سے پیچھے ؟جانیے کانگریس  سمیت ديگر پارٹیوں کی صورتحال؟
خواتین ریزرویشن پر پارلیمنٹ سے سڑک تک جدوجہد جاری ہے۔ گزشتہ روز وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی خواتین ریزرویشن سے متعلق بل کے گرنے پر کانگریس، ٹی ایم سی، ڈی ایم کے اور سماج وادی پارٹی پر  تنقید کی۔اس دوران لوک سبھا میں خواتین ایم پی  سے متعلق اعداد و شمار سامنے آئے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ خواتین کو نمائندگی دینے کے معاملے میں بی جے پی سب سے زیادہ پیچھے ہے۔
 
ٹی ایم سی کے کل 29 ایم پی ، ان میں 11 خواتین
 
فی الحال لوک سبھا میں کل 75 خواتین ایم پی ہیں۔ یہ کل ایم پیز کا تقریباً 14 فیصد ہے۔ خواتین کو نمائندگی دینے کے معاملے میں ٹی ایم سی سب سے آگے ہے۔ لوک سبھا میں اس کے کل 29 ایم پیز ہیں۔ ان میں سے 11 خواتین ہیں۔ یعنی ٹی ایم سی کے کل 29 ایم پیز  میں سے تقریباً 38 فیصد خواتین ہیں۔ یہ ایوان میں کسی بھی بڑی پارٹی کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ دوسرے نمبر پر موجود پارٹی اور ٹی ایم سی کے درمیان 20 فیصد پوائنٹس کا فاصلہ ہے۔
 
ڈی ایم کے کے کل ایم پیز میں 18 فیصد خواتین
 
تمل ناڈو کی حکمراں پارٹی ڈی ایم کے خواتین کو نمائندگی دینے کے معاملے میں دوسرے نمبر پر ہے۔ ڈی ایم کے کے کل 22 ایم پیز  میں سے 4 خواتین ہیں۔ یعنی 18 فیصد سے تھوڑا زیادہ۔ اس کے بعد اتر پردیش کی سماج وادی پارٹی آتی ہے۔ جس کے کل ایم پی  37 ہیں اور ان میں سے 5 خواتین ہیں۔ یعنی کل ایم پیز میں خواتین کی حصہ داری 13.5 فیصد ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ وزیر اعظم نے ٹاپ تینوں پارٹیوں پر خواتین مخالف ہونے کا الزام لگایا تھا۔
 
کانگریس اور بی جے پی کی کیا ہے صورتحال؟
 
خواتین ایم پیز  کی تعداد کے لحاظ سے کانگریس چوتھے اور بی جے پی پانچویں نمبر پر ہے۔ نومبر 2024 میں وائناڈ سے پریانکا گاندھی کی ضمنی انتخاب جیتنے کے بعد کانگریس کے لوک سبھا میں 99 ایم پیز ہو گئے ہیں۔ ان میں سے 14 خواتین ہیں۔ یعنی 14.1 فیصد۔ جبکہ بی جے پی کی لوک سبھا میں 31 خواتین ایم پیز  ہیں۔ اعداد و شمار کے لحاظ سے یہ سب سے زیادہ ہے، لیکن اس کے کل 240 ایم پیز  میں خواتین کی حصہ داری صرف 12.9 فیصد ہے۔
 
پارلیمنٹ سے پاس نہیں ہو سکا خواتین ریزرویشن سے متعلق بل:
 
حکومت خواتین ریزرویشن اور حدبندی سے متعلق 3 بل لے کر آئی تھی۔ ان میں سے ایک آئینی ترمیمی بل تھا، جو پارلیمنٹ سے پاس نہیں ہو سکا۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ 2023 والا خواتین ریزرویشن بل پہلے سے نافذ ہے، ایسے میں حکومت نئے ترمیم کے ذریعے صرف حدبندی کرنا چاہتی ہے۔ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ حکومت موجودہ لوک سبھا نشستوں پر ہی خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن نافذ کر دے۔