چندی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے میئر انتخابات میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) اور کانگریس کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بی جے پی کی ہرپریت کور بابلا نے میئر کا انتخاب جیت لیا ہے۔ عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے کونسلروں نے انتخابات میں کراس ووٹنگ کی ہے۔بی جے پی کے امیدوار کو 19 ووٹ ملے جو کہ اکثریتی تعداد ہے۔ کل 36 ووٹ ڈالے گئے۔ بی جے پی کے پاس 16 کونسلر ہیں، اس لیے اے اے پی اور کانگریس کے تین کونسلروں نے کراس ووٹنگ
کی۔ چندی گڑھ میونسپل کارپوریشن میں عام آدمی پارٹی کے 13 کونسلر اور کانگریس کے 6 کونسلر ہیں۔
ایوان میں کل 35 کونسلر تھے جبکہ چندی گڑھ کے ایم پی منیش تیواری کا بھی ایک ووٹ تھا۔ AAP-کانگریس اتحاد کے پاس اکثریت ہونے کے باوجود، بی جے پی نے میئر کا انتخاب جیت لیا ہے۔عام آدمی پارٹی نے چندی گڑھ کے میئر انتخابات میں پریم لتا کو اپنا امیدوار بنایا تھا۔ ان کا مقابلہ ہرپریت کور بابلا سے تھا۔
پچھلی بار بھی ہوا تھا کافی تنازعہ
یادرہے کہ گزشتہ سال بھی چندی گڑھ کے میئر انتخابات کے دوران کافی ہنگامہ ہوا تھا۔ پھر معاملہ سپریم کورٹ تک پہنچا۔ 20 فروری 2024 کو سپریم کورٹ نے الیکشن افسر انیل مسیح کے طرز عمل پر سخت تبصرہ کرتے ہوئے انتخابی نتائج کو پلٹ دیا تھا۔ انیل مسیح نے AAP۔کانگریس کے آٹھ ووٹوں کو منسوخ کر دیا تھا، اس لیے بی جے پی امیدوار جیت گیا۔
عدالت نے فیصلہ کو کالعدم قرار دیاتھا۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) اور کانگریس کے امیدوار کلدیپ کمار کو میئر قرار دیا گیا۔ عدالت نے قبول کیا کہ کلدیپ کمار کو موصول ہونے والے 8 ووٹوں کو غلط قرار دیا گیا تھا۔