بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دسمبر میں ہونے والی ویمنز کی 3 ونڈے اور 3 ٹی 20 سیریز اب نہیں ہوگی،بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے،میڈيا رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش بورڈ نے بی سی سی آئی کی طرف سے ملے خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں بی سی سی آئی کی جانب سے ایک خط موصول ہوا جس میں یہ تاریخ ملتوی کر دی گئی ہے،ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ نئی تاریخیں جلد طے کی جائیں گی۔
دورہ ملتوی کرنے کی وجہ کیا بتائی گئی؟
تاہم بی سی سی آئی کی طرف سے کوئی سرکاری وجہ نہیں بتائی گئی۔لیکن یہ سمجھا جاتا ہے کہ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ سیاسی کشیدگی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے،دونوں بورڈ موجودہ حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں ،اور مستقبل میں اس کی میزبانی کرنے پر رضامند ہیں۔خیال رہے کہ یہ سیریز اس لیے بھی خاص تھی کیونکہ یہ ہندوستانی خواتین ٹیم کے لیے اگلے سیزن کی ویمنز پریمیئر لیگ سے قبل آخری انٹرنیشنل میچز تھے۔
ساتھ ہی ورلڈ کپ جیتنے کے بعد یہ ہندوستانی ٹیم کا پہلا بڑا اسائنمنٹ ہوتا۔ اس دورے میں پہلا ون ڈے شامل ہونا تھا، جو دونوں ٹیموں کے لیے ویمنز ون ڈے چیمپئن شپ کے نئے دور کے آغاز کا نشان ہے۔ سیریز کا انعقاد کولکتہ اور کٹک میں ہونا تھا اور شیڈول کو تقریباً حتمی شکل دے دی گئی تھی لیکن حالات نے اسے ملتوی کرنے پر مجبور کر دیا۔ بی سی بی نے واضح کیا کہ وہ جلد ہی بی سی سی آئی کے ساتھ ممکنہ نئی تاریخوں پر بات کریں گے۔
مردوں کی کرکٹ ٹیم کا دورہ بھی ملتوی کر دیا گیا تھا:
یہ پہلا موقع نہیں جب ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کسی دورے کو ملتوی کرنا پڑا ہو۔ اس سال کے شروع میں، ہندوستانی مردوں کی ٹیم کا بنگلہ دیش کا دورہ، جو اگست 2025 میں شیڈول تھا، ملتوی کر دیا گیا تھا اور ستمبر 2026 کے لیے دوبارہ شیڈول کیا گیا ۔ BCCI نے اس وقت کہا تھا کہ دونوں بورڈز نے بات چیت کے بعد اپنی بین الاقوامی کرکٹ ذمہ داریوں اور شیڈول کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔
بی سی بی نے کہا کہ وہ ستمبر 2026 میں مردوں کی ٹیم کی میزبانی کے منتظر ہیں، اور اس دورے کی نئی تاریخوں کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ فی الحال دونوں بورڈ خواتین کی وائٹ بال سیریز کے حوالے سے صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یہ فیصلہ کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے یقیناً مایوس کن ہے، لیکن حفاظت اور حالات کے پیش نظر اسے بہترین سمجھا گیا۔