• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • بہار: قانون ساز اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوسرے دن انڈیا اتحاد کے ایم ایل ایز کا زبردست ہنگامہ

بہار: قانون ساز اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوسرے دن انڈیا اتحاد کے ایم ایل ایز کا زبردست ہنگامہ

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Jul 22, 2025 IST     

image
بہار قانون ساز اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوسرے دن منگل کو جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی، انڈیا اتحاد کے ایم ایل ایز نے زبردست ہنگامہ کیا۔ اپوزیشن کے ایم ایل اے بینرز اور پوسٹر لے کر کنویں تک پہنچ گئے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی۔ ان کا مطالبہ تھا کہ ووٹر لسٹ پر نظرثانی کی مہم کو واپس لیا جائے۔ اپوزیشن کے ہنگامے کو دیکھتے ہوئے ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
 
اپوزیشن کے ایم ایل اے نتیش چپی توڑو اور مردہ آباد جیسے نعرے لگاتے نظر آئے۔ تاہم اس دوران نتیش کمار مسکراتے رہے۔ آر جے ڈی کے کئی ممبران اسمبلی کالا کرتہ پہن کر ایوان میں پہنچے تھے۔ یہ دیکھ کر اسمبلی کے اسپیکر نند کشور یادو نے کہا کہ آپ کالے کپڑے پہن کر کیوں آئے ہو؟ بیٹھیں، بیٹھ جائیں، آپ لوگ کالے کپڑوں میں اچھے نہیں لگ رہے ہیں، عوام دیکھ رہی ہے کہ آپ لوگ کیسا برتاؤ کر رہے ہیں۔ اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی تو اپوزیشن جماعت کے ارکان اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے۔ انہوں نے ہنگامہ کھڑا کرنا شروع کر دیا۔ اسمبلی کے اسپیکر نند کشور یادو نے پلے کارڈز چھیننے کو کہا۔
 
ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے قبل ہی اپوزیشن نے اسمبلی احاطے میں ہنگامہ کیا۔ پہلے اپوزیشن لیڈروں نے مین گیٹ کو جام کیا اور حکمراں پارٹی کے ایم ایل ایز کو اندر جانے سے روک دیا۔ اس کے بعد دوسرے گیٹ کو ہتھوڑے سے مار کر کھول دیا گیا۔ ایس آئی آر واپس لینے کے ساتھ ہی اپوزیشن لیڈر بہار کے لاء اینڈ آرڈر پر بھی سوال اٹھا رہے ہیں۔

پانچ روزہ مانسون اجلاس بہت اہم ہے:

آپ کو بتا دیں کہ بہار اسمبلی کا یہ مانسون اجلاس جمعہ تک چلے گا۔ یہ سیشن پانچ دن کا ہے لیکن بہت اہم ہے۔ نتیش حکومت اس مانسون سیشن میں تقریباً 12 بل لا سکتی ہے۔ ان میں سے چار اصل اور آٹھ ترمیمی بل ہیں۔