Tuesday, October 21, 2025 | 29, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • آر جی کر اسپتال عصمت دری و قتل کیس کے مجرم سنجے رائے کی نابالغ بھتیجی کی لاش بر آمد

آر جی کر اسپتال عصمت دری و قتل کیس کے مجرم سنجے رائے کی نابالغ بھتیجی کی لاش بر آمد

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 21, 2025 IST

آر جی کر اسپتال عصمت دری و قتل کیس کے مجرم سنجے رائے کی نابالغ بھتیجی کی لاش بر آمد
مغربی بنگال کے شہر کولکتہ کے آر جی کر ہسپتال میں ایک خاتون ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ ریپ اور قتل کے معاملے میں مجرم سنجے رائے کی نابالغ بھتیجی کی لاش اس کے گھر سے بر آمد ہوئی ہے۔ یہ واقعہ اتوار کی دوپہر کا ہے۔ 11 سالہ بچی کولکتہ کے علی پور تھانہ علاقے کے ودیاساگر کالونی میں اپنی سوتیلی ماں کے ساتھ رہتی تھی۔ اس کی لاش الماری کے اندر ملی، اس کے گلے میں پھندا لگا ہوا تھا۔ پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
 
اس واقعہ سے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ چھٹی جماعت کے طالب علم کو قتل کیا گیا یا خودکشی ۔یہ واقعہ علی پور پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار میں واقع ودیا ساگر کالونی میں میں اتوار کی شام پیش آیا۔ پولیس نے بتایا کہ نابالغ لڑکی کو واقعہ کے بعد ایس ایس کے ایم اسپتال لے جایا گیا۔ جہاں اس کا کچھ وقت تک علاج ہوا لیکن پیر کو اس کی موت ہوگئی۔
 
گھر پر کوئی موجود نہیں تھا:
 
چھٹی جماعت میں پڑھنے والی بچی کی ماں نے کچھ سال قبل خودکشی کر لی تھی، جس کے بعد اس کے والد نے اپنی سالی پوجا رائے سے شادی کر لی۔ بچی اپنی خالہ کی نگرانی میں تھی۔ اتوار کے روز گھر والے بچی کو گھر پر چھوڑ کر بازار گئے تھے۔ جب وہ واپس آئے تو کمرے کا دروازہ اندر سے بند تھا۔ کئی بار آواز دینے کے باوجود دروازہ نہیں کھلا تو اسے توڑا گیا، جسکے بعد الماری میں بچی کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔
 
گھر میں اکثر جھگڑے ہوتے تھے:
 
پولیس نے مقامی لوگوں سے بات چیت کے بعد بتایا کہ گھر سے روزانہ جھگڑوں اور چیخ و پکار کی آوازیں آتی تھیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ بچی اکثر ڈانٹ اور مار کھانے کی وجہ سے ذہنی تناؤ کا شکار تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ معاملہ  خودکشی کا لگتا ہے۔گھر والوں نے اب تک کوئی باضابطہ شکایت درج نہیں کرائی ہے۔ پولیس تحقیقات کر رہی ہے۔