الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پیر کو جموں و کشمیر کی بڈگام اور نگروٹہ اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے ساتھ بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے شیڈول کا اعلان کیا۔ دہلی میں چیف الیکشن کمشنر، گیانیش کمارپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ جموں و کشمیرمیں دو نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لئے رائے دہی 11 نومبر کو ہوگی اور ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے بہار انتخابات 2025 کے شیڈول کے ساتھ ساتھ دیگر7 ریاستوں کی آٹھ سیٹوں کے ضمنی انتخابات کے شیڈول کا بھی اعلان کیا ہے۔
جموں کشمیر میں ضمنی انتخابات
بڈگام سیٹ اس وقت خالی ہوئی جب وزیراعلیٰ عمرعبداللہ نےگزشتہ سال اسمبلی انتخابات میں دونوں سیٹوں سے جیتنے کے بعد گاندربل سیٹ کو برقرار رکھا۔ اور بڈگام سے استعفیٰ دیا تھا۔ قاعدے کےمطابق ایک فرد اسمبلی میں صرف ایک ہی سیٹ سے نمائندگی کرسکتا ہے۔ اس لئے عمرعبداللہ کو ایک سیٹ سے استعفیٰ دینا پڑا۔ عمرعبداللہ کے استعفیٰ دینے کےبعد یہ سیٹ خالی ہوگئی۔ اس طرح بڈگام پر الیکشن ضروری ہوگیا ۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کے اعلان کے چند ہفتے بعد ہی نگروٹہ سیٹ گزشتہ سال 31 اکتوبر کو بی جے پی لیڈر دیویندر سنگھ رانا کی موت کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اس لئے اس سیٹ پر بھی انتخابات ناگزیر ہو گیا ہے۔
دریں اثنا، جموں و کشمیر میں نگروٹہ حلقے میں بی جے پی اور نیشنل کانفرنس کی قیادت والے اتحاد کے درمیان براہ راست مقابلہ دیکھنے کی امید ہے، جب کہ بڈگام میں NC، پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (PDP) اور پیپلز الائنس فار چینج کے درمیان سہ رخی لڑائی دیکھنے کا امکان ہے۔
13 اکتوبر کو اعلامیہ،14 نومبر کوپولنگ
شیڈول کے مطابق الیکشن کمیشن 13 اکتوبر کو ضمنی انتخاب کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔ اسی دن سے پر چہ نامزدگی کا عمل بھی شروع ہو جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 21 اکتوبرتک قبول کیے جائیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 22 اکتوبر کو ہوگی۔ ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ 11 نومبرکو ہوگی ۔اور 14 نومبر کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی اور نتائج بھی اسی دن جاری کیے جائیں گے۔
جموں و کشمیر کی دو سیٹوں کےساتھ دیگر سیٹوں پر بھی الیکشن
الیکشن کمیشن نے پیر کو سات ریاستوں کے آٹھ اسمبلی حلقوں کے ضمنی انتخابات کا اعلان کیاجموں و کشمیر (بڈگام اور نگروٹہ)، راجستھان (انٹا)، جھارکھنڈ (گھاٹ شیلا)، پنجاب (ترن تارن)، میزورم (دمپا)، اڈیشہ (نواپڈا) اور تلنگانہ (جوبلی ہلز) میں ضمنی انتخابات ہوں گے۔ 11 نومبر کو الیکشن ہوں گے۔اور ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔
راجستھان
راجستھان میں، بی جے پی کے ایم ایل اے کنور لال مینا کو سب ڈویژنل مجسٹریٹ (ایس ڈی ایم) پر پستول کی طرف اشارہ کرنے کے جرم میں تین سال کی قید کی سزا کے بعد نااہل قرار دیے جانے کے بعد انت سیٹ خالی ہوئی تھی۔
جھارکھنڈ
جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے رہنما موجودہ ایم ایل اے اور ریاستی وزیر تعلیم رام داس سورین کی موت کی وجہ سے گھاٹشیلا ضمنی انتخاب کی ضرورت تھی، جب کہ جوبلی ہلز سیٹ موجودہ ایم ایل اے مگنتی گوپی ناتھ کی موت کے بعد خالی ہوئی تھی۔
پنجاب
پنجاب میں، ترن تارن ضمنی انتخاب جون میں AAP کے ایم ایل اے کشمیر سنگھ سوہل کی موت کے بعد ہوا تھا۔
اوڈیشہ
8 ستمبر کو بی جے ڈی کے ایم ایل اے اور سابق وزیر راجندر ڈھولکیا کی موت کے بعد اوڈیشہ میں نواپڈا ضمنی انتخابات کی ضرورت تھی۔
بہار
اس کےساتھ ساتھ بہار میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات بھی ہو رہےہیں۔ الیکشن کمیشن نے بہار میں اس مرتبہ دو مرحلوں میں الیکشن کروانےکا اعلان کیا ہے۔ بہار میں چھ اور گیارہ نومبر کو پولنگ ہوگی ۔