نئی دہلی:سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے انڈین ریونیو سروس (آئی آر ایس) کے ایک سینئر افسر اور ایک نجی شخص کو 25 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔ گرفتار افسر 2007 بیچ کے آئی آر ایس افسر امیت کمار سنگل ہیں، جو اس وقت نئی دہلی میں ٹیکس دہندگان کی خدمات کے ڈائریکٹوریٹ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ADG) کے طور پر تعینات تھے۔
45 لاکھ روپے کی رشوت طلب کی تھی:
سی بی آئی نے 25 لاکھ روپے کی رشوت طلب کرنے کے الزام میں آئی آر ایس افسر سمیت دو لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔سی بی آئی نے اس معاملے میں 31 مئی 2025 کو کیس درج کیا تھا۔ الزام ہے کہ امیت کمار سنگل نے ایک شکایت کنندہ سے محکمہ انکم ٹیکس میں مدد کرنے کے بدلے میں 45 لاکھ روپے کی رشوت طلب کی تھی۔ اگر رقم ادا نہ کی گئی تو شکایت کنندہ کو قانونی کارروائی، بھاری جرمانے اور ہراساں کرنے کی دھمکیاں دی جارہی تھیں۔
25 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا:
سی بی آئی کی ٹیم نے جال بچھا کر موہالی میں افسر کے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں ملزم نجی شخص ہرش کوٹک کو 25 لاکھ روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ یہ رقم شکایت کنندہ سے لی جا رہی تھی، اور کہا جا رہا ہے کہ اسے صرف آئی آر ایس افسر تک پہنچایا جانا تھا۔ اس کے بعد سی بی آئی نے سینئر آئی آر ایس افسر امیت کمار سنگل کو بھی وسنت کنج (نئی دہلی) میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا۔ دونوں ملزمان کو اب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اس پورے معاملے میں سی بی آئی کی ٹیم دہلی، پنجاب اور ممبئی میں کئی مقامات پر چھاپے مار رہی ہے۔ سی بی آئی اس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے اور مزید انکشافات کا امکان ہے۔