منصف ٹی وی کے خصوصی صحت پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج "Common Ear Problems During the Rainy Season & How to Prevent Them" کے موضوع پر خصوصی گفتگو پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر رنبیر سنگھ، سینئر ای این ٹی (کان، ناک اور گلا) و ہیڈ اینڈ نیک سرجن، کیئر ہاسپٹلس نے برسات کے موسم میں کان کے عام مسائل، ان کی وجوہات، علامات، علاج اور احتیاطی تدابیر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر رنبیرسنگھ نے بتایا کہ بارش کے موسم میں نمی، آلودہ پانی اور فنگس و بیکٹیریا کی افزائش میں اضافہ ہونے کے باعث کان کے انفیکشن کے کیسز بڑھ جاتے ہیں۔ خاص طور پر بچوں، تیراکوں، ذیابیطس کے مریضوں اور کمزور قوتِ مدافعت رکھنے والے افراد میں کان کے امراض کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موسم میں اوٹائٹس ایکسٹرنا (Swimmer's Ear)، درمیانی کان کا انفیکشن، کان میں فنگل انفیکشن، کان میں پانی جمع ہونا اور میل (Ear Wax) سے متعلق مسائل عام طور پر دیکھنے میں آتے ہیں۔ اگر بروقت علاج نہ کیا جائے تو یہ مسائل سماعت میں کمی، شدید درد اور بعض صورتوں میں پیچیدگیوں کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔
علامات کے بارے میں ڈاکٹر نے بتایا کہ کان میں درد، خارش، پانی یا پیپ کا اخراج، سماعت میں کمی، کان بند ہونے کا احساس، شور سنائی دینا (Tinnitus) اور بعض مریضوں میں بخار بھی کان کے انفیکشن کی علامات ہو سکتی ہیں۔ ایسی صورت میں خود علاج کرنے یا کان میں نوکیلی اشیاء، کاٹن بڈز یا غیر معیاری قطرے استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ اس سے مسئلہ مزید بڑھ سکتا ہے۔
ڈاکٹر رنبیر سنگھ نے بتایا کہ تشخیص کے لیے ماہر ای این ٹی ڈاکٹر کان کا معائنہ، اوٹوسکوپی اور ضرورت پڑنے پر سماعت کے ٹیسٹ تجویز کرتے ہیں۔ انفیکشن کی نوعیت کے مطابق اینٹی بایوٹک، اینٹی فنگل ادویات، کان کے مخصوص قطرے یا دیگر مناسب علاج دیا جاتا ہے۔
احتیاطی تدابیر پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارش یا تیراکی کے بعد کانوں کو اچھی طرح خشک کریں، گندے پانی سے حتی الامکان بچیں، کان میں غیر ضروری اشیاء داخل نہ کریں، ذیابیطس کے مریض شوگر کو قابو میں رکھیں اور اگر درد، خارش یا سماعت میں کمی محسوس ہو تو فوری طور پر ای این ٹی ماہر سے رجوع کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوتِ مدافعت مضبوط رکھنے کے لیے متوازن غذا، مناسب نیند اور ذاتی صفائی کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔
پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر رنبیر سنگھ نے کہا کہ برسات کے موسم میں معمولی احتیاط اختیار کرکے کان کے بیشتر امراض سے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ناظرین کو مشورہ دیا کہ کانوں کی صحت کو نظر انداز نہ کریں، کیونکہ بروقت تشخیص اور درست علاج نہ صرف سماعت کو محفوظ رکھتا ہے بلکہ مستقبل میں پیچیدہ مسائل سے بھی بچاتا ہے۔
قارئین آپ ڈاکٹر رنبیرسنگھ کی انٹرویو پر مشتمل مکمل ویڈیو یہاں دیکھ سکتےہیں۔ اور ساتھ ہی صحت سے متعلق دیگر امراض پر ماہرین کے بے شمار ویڈیوز منصف ٹی وی پر دیکھ سکتےہیں۔