کانگریس پارٹی جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے لیے 'ہماری ریاست، ہمارا حق' مہم کو تیز کرے گی۔ پارٹی یکم اگست سے احتجاج کرےگی اور 5 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جاے گا۔ جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے سرینگر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یہ اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کارکنان 9 سے 21 اگست تک جموں و کشمیر بھر میں بھوک ہڑتال کریں گے۔جموں و کشمیر کو مکمل ریاستی درجہ واپس دلانے کے مطالبے کو لے کر کانگریس پارٹی اپنی مہم ’ہماری ریاست، ہمارا حق‘ میں شدت لائے گی۔
طارق حمید قرہ نے کہاکہ جموں و کشمیر کی عوام کے حقوق کو سلب کر کے ہمیں یونین ٹیریٹری میں تبدیل کیا گیا، اب وقت ہے کہ ہم اپنی ریاستی حیثیت اور سیاسی شناخت کی بحالی کے لیے منظم آواز بلند کریں۔یہ تحریک عوامی جذبات کی نمائندہ ہے، اور ہم جمہوری اور پرامن طریقوں سے اپنا حق واپس لینے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
یہ ریاست کی بحالی کی مہم کو تیز کرنے کے ہمارے منصوبے کا آغاز ہو گا، اور ہم اس عرصے کے دوران مختلف اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کریں گے، جن میں ٹرانسپورٹرز، تاجر، چیمبر آف کامرس، انڈسٹریز اور دیگر شامل ہیں، انہیں اس پروگرام میں شامل کرنے کے لیے، جو کہ جموں و کشمیر کے ہر فرد کے لیے بلا تفریق مذہب، خطہ، پارٹی، یا پیشے کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ کانگریس پارٹی نے حالیہ مہینوں میں ریاستی درجے کی بحالی کو اپنا مرکزی مطالبہ قرار دیا ہے، اور پارٹی لیڈران اس حوالے سے بارہا مرکزی حکومت پر تنقید کرتے رہے ہیں۔ کانگریس لیڈروں نے اس سے پہلے دہلی میں بھی ریاست کے درجہ کی مانگ پر احتجاج کیا ہے۔کانگریس کے احتجاجی پروگرام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اسے ایک "پبلسٹی اسٹنٹ" قرار دیا جو وزیر اعظم نریندر مودی کے 'فٹ انڈیا' نعرے سے ہم آہنگ ہے۔