تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست کے کئی اضلاع میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ شدید بارش کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات ہیں، جبکہ متعدد سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں اور مسافروں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دارالحکومت حیدرآباد میں بھی اتوار کی نصف شب سے بارش شروع ہوئی، جو صبح تک جاری رہی۔ بارش کی شدت کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، جبکہ بعض نشیبی علاقوں میں پانی داخل ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
حیدرآباد کے ٹولی چوکی، مہدی پٹنم، دلسکھ نگر، صنعت نگر، عنبرپیٹ اور بنجارہ ہلز سمیت کئی علاقوں میں بارش کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے ہیں۔ پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی اطلاعات ہیں۔ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں کی رفتار متاثر ہوئی اور بعض مقامات پر ٹریفک کی روانی میں بھی مشکلات پیش آئیں۔ مسلسل بارش کے باعث شہریوں کو خاص طور پر نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والی سڑکوں پر احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو بھی پانی کی سطح اور سڑکوں کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے کئی اضلاع میں آئندہ دو دن تک بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارش کے دوران 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔