Monday, October 06, 2025 | 14, 1447 ربيع الثاني
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • مہاراشٹرا میں سمندری طوفان ’شکتی‘ کے حوالے سے الرٹ جاری، ان ریاستوں میں ہوگی شدید بارش

مہاراشٹرا میں سمندری طوفان ’شکتی‘ کے حوالے سے الرٹ جاری، ان ریاستوں میں ہوگی شدید بارش

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Sahjad Mia | Last Updated: Oct 04, 2025 IST

مہاراشٹرا میں سمندری طوفان ’شکتی‘ کے حوالے سے الرٹ جاری، ان ریاستوں میں ہوگی شدید بارش
مانسون کے جانے کے بعد بھی کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دریں اثنا ہندوستانی محکمہ موسمیات نے طوفان شکتی کی وارننگ جاری کی ہے،جس سے عوامی زندگی متاثر ہو سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق طوفان شکتی کا اثر مہاراشٹرا کے کچھ اضلاع میں 4 اکتوبر سے 7 اکتوبر کے درمیان دیکھا جا سکتا ہے۔آئی ایم ڈی نے مہاراشٹرا کے ساحلی اضلاع جیسے ممبئی، رائے گڑھ، رتناگیری، پالگھر اور سندھو درگ کیلئے الرٹ جاری کیا ہے۔ طوفان شکتی کی وجہ سے ان اضلاع میں 4-5 اکتوبر کے درمیان 45-65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔
 
سمندری طوفان سے ان علاقوں میں خطرہ  :
 
مہاراشٹرا میں سمندری طوفان ’شکتی‘ کے باعث 4 سے 5 اکتوبر کے درمیان ممبئی، رائے گڑھ، رتناگیری، پال گھر اور سندھودرگ میں 45 سے 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کے ساتھ موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ طوفانی ہواؤں کے باعث سمندر میں بھی تیز لہریں اٹھ سکتی ہیں۔ اس لیے ماہی گیروں کو سمندر سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آئی ایم ڈی نے مشرقی ودربھ، مراٹھواڑہ اور کونکن ساحل پر شدید سے بہت شدید بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔
 
ان ریاستوں میں شدید بارش کا اندازہ  :
 
کئی ریاستوں میں مون سون رخصت ہوتے ہوتے خوب بھگو رہا ہے۔ اتر پردیش کے وارانسی، لکھنؤ، جونپور سمیت 10 شہروں میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ صوبے میں ہفتہ کو مشرقی علاقوں میں انتہائی شدید بارش کی امکان ہے۔ اس کے علاوہ بہار، چھتیس گڑھ اور مشرقی مدھیہ پردیش میں شدید بارش کا زور دیکھنے کو ملے گا۔ راجستھان میں 4 اکتوبر کو ہلکی سے درمیانی اور 5 سے 6 اکتوبر کو نئے مغربی خلل کے اثر سے کئی حصوں میں شدید بارش کا اندازہ ہے۔
 
یہاں رہے گا طوفانی ہواؤں کا زور  :
 
اگلے 5 دنوں کے دوران مشرقی بھارت میں گرج کے ساتھ تیز ہوائیں (30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ) چلنے کے امکانات ہیں۔ اس کے ساتھ 4 سے 5 اکتوبر کے دوران ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال، سکم، تمل ناڈو میں ہلکی سے درمیانی اور کچھ جگہوں پر زور دار بارش کے امکانات ہیں۔ پہاڑی ریاستوں میں بھی موسم کا مزاج بدل گیا ہے۔ 5 سے 7 اکتوبر کے دوران جموں و کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش میں، اور 6 سے 7 اکتوبر کو اتراکھنڈ میں کچھ جگہوں پر ژالہ باری کے ساتھ شدید بارش ہو سکتی ہے۔
 
دہلی میں بدلے گا موسم کا مزاج  :
 
دہلی میں ہفتہ کو بادل چھائے رہیں گے، لیکن بارش نہ ہونے سے گرمی اور حبس سے راحت ملنے کی امکان نہیں ہے۔ ملک کے دارالحکومت میں اتوار سے موسم پلٹ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، مغربی خلل کے اثر سے 6 اکتوبر کو دہلی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کی امکان ہے، جو 7 اکتوبر تک جاری رہ سکتی ہے۔ قریبی پنجاب اور ہریانہ، چنڈی گڑھ میں 5 سے 7 اکتوبر تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہونے کا اندازہ ہے۔