• News
  • »
  • سیاست
  • »
  • مدھیہ پردیش کی دتیا اور بہار کی بانکی پور اسمبلی نشستوں پر ووٹوں کی گنتی جاری

مدھیہ پردیش کی دتیا اور بہار کی بانکی پور اسمبلی نشستوں پر ووٹوں کی گنتی جاری

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Aug 03, 2026 IST

مدھیہ پردیش کی دتیا اور بہار کی بانکی پور اسمبلی نشستوں پر ووٹوں کی گنتی جاری
مدھیہ پردیش کی اہم دتیا اسمبلی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے ووٹوں کی گنتی آج صبح شروع ہو گئی۔ 30 جولائی کو منعقد ہونے والے اس ضمنی انتخاب میں مجموعی طور پر 21 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ 71.44 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔ضلع الیکشن افسر سوپنیل وانکھیڑے کے مطابق ووٹوں کی گنتی کا آغاز صبح 8 بجے پوسٹل بیلٹس سے کیا گیا، جس کے بعد الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (EVM) میں درج ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔ انتخابی نتائج کے پیش نظر علاقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
 
یہ ضمنی انتخاب اس وقت ضروری ہوا جب کانگریس کے رکن اسمبلی راجندر بھارتی کی اسمبلی رکنیت دھوکہ دہی کے ایک مقدمے میں تین سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد ختم کر دی گئی۔ اس نشست کو مزید اہم اس لیے بھی سمجھا جا رہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس بار سابق وزیر داخلہ نروتم مشرا کو ٹکٹ نہیں دیا، جس سے سیاسی مقابلہ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔ ادھر بہار کی بانکی پور اسمبلی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے بھی ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ نتائج سے قبل ہی مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جوش و خروش دیکھنے کو مل رہا ہے۔
 
ابتدائی مرحلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنوں نے اپنی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے جشن کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ بی جے پی کارکن کرشنا سنگھ کلو نے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ پارٹی اس نشست پر کامیاب ہوگی، اسی لیے کارکن عوام میں تقسیم کرنے کے لیے لڈو بھی تیار کر رہے ہیں تاہم، دونوں ریاستوں کے ضمنی انتخابات کے حتمی نتائج ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے، جن پر سیاسی جماعتوں اور عوام کی نظریں مرکوز ہیں۔