دہلی کے کیشو پورم علاقے سے ایک حیران کن اور افسوسناک خبر سامنے آئی ہے۔ ایک چھوٹے سے معاملہ نے ایک نوجوان کی جان لے لی،حیرانی کی بات تو یہ ہے کہ اس قتل کی وجہ سیگریٹ ہے ۔الزام ہے کہ رام پورہ کے رہنے والے وکاس ساہو، جو ایک بیٹری چارجنگ اسٹیشن میں کام کر رہے تھے، کو اس وقت چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا جب اس نے سگریٹ پینے سے انکار کر دیا۔ پولیس نے نوین، اس کی بیوی منیشا، چراغ اور ایک نابالغ کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا چاقو، ای رکشہ اور موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ کیشو پورم پولیس اسٹیشن نے قتل کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
شمال مغربی ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس بھیشما سنگھ نے بتایا کہ بدھ کی رات دیر گئے کیشو پورم پولیس اسٹیشن کو دیپ چند بندھو اسپتال سے ایک نوجوان کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی۔ پولیس جب اسپتال پہنچی تو پتہ چلا کہ چاقو کے حملے میں زخمی رام پورہ کے رہنے والے وکاس ساہو کی موت ہوچکی ہے۔ جانچ میں پتہ چلا کہ وکاس کو اس کا بھائی متھلیش اسپتال لایا تھا۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
متھلیش نے پولیس کو بتایا کہ وہ اور اس کا بھائی لارنس روڈ رام پورہ میں واقع بیٹری چارجنگ اسٹیشن پر کام کرتے تھے۔ بدھ کی رات 11.50 بجے وزیر پور جے جے کالونی کا رہائشی نوین بیٹری لینے آیا۔ نوین نے وکاس کے پاس سگریٹ پینا شروع کر دیا۔ وکاس نے اسے ایسا کرنے سے روک دیا۔ اس بات پر دونوں بھائیوں کا نوین سے جھگڑا ہوا۔ نوین نے دونوں بھائیوں کو دھمکی دی اور وہاں سے چلا گیا۔ الزام ہے کہ کچھ دیر بعد نوین اپنی بیوی اور دو تین دیگر دوستوں کے ساتھ وہاں پہنچ گیا۔ ان سب نے وکاس کی پٹائی کی اور ہاتھا پائی کے دوران ان میں سے ایک نے وکاس پر چاقو سے وار کیا۔