Thursday, December 18, 2025 | 27, 1447 جمادى الثانية
  • News
  • »
  • قومی
  • »
  • دہلی۔این سی آر میں دھند اور سردی کا قہر، سانس لینا دشوار

دہلی۔این سی آر میں دھند اور سردی کا قہر، سانس لینا دشوار

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Dec 16, 2025 IST

دہلی۔این سی آر میں دھند اور سردی کا قہر، سانس لینا دشوار
دہلی۔این سی آر میں دھند اور سردی نے دم گھٹنے والی ہوا کو بڑھا دیا ہے۔ ہندوستان کے محکمہ موسمیات نے آج منگل کیلئے یلو الرٹ جاری کیا ہے۔ تاہم دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ایک اچھی خبر بھی سنائی ہے۔ عہدیداروں کے مطابق آج سے دہلی۔این سی آر میں ہوائیں چلیں گی جس سے آلودگی میں کمی واقع ہو سکتی ہے۔ مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کے مطابق دہلی کی ہوا تجویز کردہ معیارات سے تقریباً ساڑھے چار گنا زیادہ آلودہ ہے۔  پیر کو مسلسل تیسرے دن ہوا کا معیار شدید زمرے میں ریکارڈ کیاگیا  جس کی وجہ سے لوگوں کو زہریلی گیس سے بچنے کیلئے ماسک کا سہارا لیتے ہوئے دیکھا گیا جس سے آنکھوں میں جلن اور سانس کے مسائل میں مبتلا افراد کو سانس کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
 
ادھر دوسری جانب دہلی حکومت نے بڑھتے ہوئے آلودگی کی وجہ سے نرسری تا پانچویں کلاس کے تمام  اسکولوں کو بند کرنے کا حکم جاری کیاہے۔  ایک عہدیدار نے بتایاکہ دہلی حکومت نے شدید فضائی آلودگی کی وجہ سے پرائمری اسکولوں کو آن لائن موڈ میں منتقل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ خاص طورپر  گیتا کالونی جیسے علاقوں میں فضائی آلودگی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے یہ اقدام اٹھانا پڑا۔ عہدیداروں نے بتایاکہ ڈاکٹروں نے ایسے  ماحول کو خاص طورپر چھوٹے بچوں کیلئے شدید نقصاندہ قرار دیاہے جس کو دیکھتے ہوئے حکومت نے نرسری اسکولوں کو بند کرنے کا حکم دیاہے۔ 
 
دوسری طرف ممبئی میں بھی آلودگی شہریوں کیلئے ایک بڑا مسئلہ بنتا جارہاہے۔ دھند کی وجہ سے شہریوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ آج صبح بھی دھند نے ممبئی کے کئی حصو ں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کی وجہ سے خاص طورپر صبح کے وقت چہل قدمی کرنے والوں کے علاوہ طلبا اور ملازمین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی شہریوں نے کہاکہ شدید سردی اور دھند کی وجہ سے انہیں کئی ایک  مسائل کا سامنا ہے۔ 
 
وہیں اترپردیش کے کئی علاقوں میں بھی صبح کے وقت شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ مرادآباد اور کانپور میں بھی شدید سردی کی لہر دیکھی جارہی ہے۔ یہاں شددی سردی کی وجہ سہ کہرا بھی بڑھ گیاہے جس سے مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے بتایاکہ ٹھنڈ اور کہر کی وجہ سے صبح کے وقت گھروں سے نکلنا مشکل ہوگیاہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے  کہاہے کہ یہاں مزید دو تین دن تک سردی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے۔