دارالحکومت دہلی میں موسم ایک بار پھر کروٹ لینے والا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ تین دنوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں 2 سے 3 ڈگری سیلسیس کی کمی کا امکان ہے۔ اس دوران آسمان زیادہ تر صاف رہے گا، ڈڈجبکہ رات میں دھند اور صبح کے وقت ہلکا کوہرا چھایا رہے گا۔
سردی کی لہر کے لیے کوئی الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے۔ دوسری جانب 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں نے فضائی آلودگی میں کچھ کمی کی ہے، جس سے دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس "انتہائی خراب" سے کم ہو کر "خراب" درجے پر آ گیا ہے۔ یہ نومبر کے بعد صرف چوتھی بار ہوا ہے کہ فضائی معیار میں معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی۔
ممبئی شہر میں بھی دھند کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔ آج صبح شہر ممبئی خاص طور پر بانڈرہ کے علاقے میں دھند کی تہہ میں لپٹا ہوا نظر آیا۔ سینٹرل پولوشن کنٹرول بورڈ کے مطابق یہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 147 سے 170 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا ہے، ۔۔گزشتہ 9 روز سے مسلسل دھند اور اسموگ نے ممبئی کی فضائی کیفیت کو خراب کر رکھا ہے۔کئی مانیٹرنگ مراکز نے 200 سے 250 تک اے کیو آئی درج کیا، ۔۔جبکہ بعض مقامات پر یہ 255 تک پہنچ گیا۔ ۔شہریوں میں صحت کے مسائل بڑھنے پر بی ایم سی نے اعلان کیا ہے کہ شہر کے مختلف مضافات میں پانچ نئے مستقل ایئر کوالٹی مانیٹرنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے، جن میں ملند، دادَر، گورےگاؤں اور دہیسر شامل ہیں۔
فضائی آلودگی سے براہِ راست اموات کے شواہد نہیں
مرکزی وزارتِ صحت نے راجیہ سبھا کو بتایا ہے کہ فضائی آلودگی سے براہِ راست اموات یا بیماریوں کے تعلق پر کوئی حتمی اعداد و شمار دستیاب نہیں ہیں۔ وزیرمملکت برائے صحت پرتاپ راؤ جادھو نے منگل، کو تحریری جواب میں کہا کہ فضائی آلودگی سانس کی بیماریوں اور متعلقہ امراض کے محرک عوامل میں سے ایک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت پر آلودگی کے اثرات مختلف عوامل جیسے غذائی عادات، پیشہ وارانہ ماحول، سماجی و معاشی حیثیت، طبی تاریخ، قوتِ مدافعت اور موروثی عوامل کے مجموعی اثرات کا نتیجہ ہوتے ہیں۔