صدرتلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نےجمعرات کوجنم باٹا پروگرام کے تحت حیدرآباد پرانا شہر کے مختلف علاقوں کادورہ کیا۔کویتا نے ہنومان نگر میں سیلاب سے متاثرہ افراد سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ کویتا نے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کےعلاقہ سعید آباد، اور حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے مختلف علاقوں اور چارمینار اور مکہ مسجد کا دورہ کیا۔
قدیم شہر سے امتیازی سلوک کا الزام
اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے کویتا نے کہاکہ پرانے شہر کے ساتھ امتیاز برتاجارہاہے۔پرانے شہر کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔لاپرواہی برتی جارہی ہے۔ نئے شہر کی ترقی کےلئے خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ اولڈ سٹی پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔اولڈ سٹی کے بجٹ کے تعلق سے دیکھاجائے تو مجھے ایسا محسوس ہوتاہے کہ تاریخ میں اتنا کم بجٹ کبھی بھی مختص نہیں کیاگیا۔میں گزشتہ سال کے جی ایچ ایم سی بجٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لی ہوں ۔سارے شہر حیدرآباد کےلئے 5ہزار کروڑروپئے مختص کئے گئے تاہم اس میں اولڈ سٹی کےلئے کتنی رقم مختص کی گئی آج تک اس کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔
اولڈ سٹی کو حصہ نہیں مل رہاہے
کویتا نے پرزورانداز میں کہاکہ اگراولڈ سٹی کو اس کا اپنا حصہ ملے گا تو سہل طریقہ سے ترقی ہوسکتی ہے۔ تاہم آج اولڈ سٹی کو حصہ نہیں مل رہاہے۔ ہمیں اپنے حصہ کے حصول کےلئے تقاضہ کرناچاہئے۔ کیوں کہ ےہ اولڈ سٹی نہیں بلکہ گولڈ سٹی ہے۔ یہی حقیقی سٹی ہے اور یہی حقیقی سٹی سے حیدرآباد شروع ہواہے۔ اولڈ سٹی سے شہر وسیع ہوتاگیا ۔
اولڈ سٹی کو نظر انداز کیا گیا
موسیٰ ندی کے اس پار کے لوگوں کی ترقی کےلئے اقدامات کئے گئے۔ لیکن اولڈ سٹی کو نظر انداز کردیاگیا۔ ہمیں اولڈ سٹی کے تعلق سے بات کرناچاہئے۔اسی ارادے سے آج ہم جنم باٹا پروگرام کے تحت یہاں آئے ہیں۔کے کویتا نے کہاکہ ہم عوام کے درمیان جارہے ہیں۔ جب تک ہم عوام کے درمیان نہیں جائیں گے۔تب تک ہمیں عوام کے مسائل سے مکمل طور پر واقفیت حاصل نہیں ہوگی۔
سیاسی لیڈرز کوصرف ڈیولپمنٹ پر توجہ دینی چاہئے
انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی قائدین سے میری درخواست ہے کہ وہ ڈیولپمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوزکریں۔انہوں نے کہاکہ سیاسی قائدین کا کوئی بھی جماعت مجلس ‘بی جے پی ‘بی آرایس سے تعلق ہو ۔انہیں صرف اور صرف ڈیولپمنٹ پر توجہ دینی چاہئے۔
ہم ڈیولپمنٹ کی بات کرتےہیں،ووٹ سےمطلب نہیں
کویتا نے کہاکہ جب انتخابات ہوتے ہیں تو سب لوگ ووٹ مانگنے کےلئے آتے ہیں۔انتخابات کے اختتام کے بعد کوئی بھی نظر نہیں آتا۔یہی وجہ ہے کہ جنم باٹا پروگرام کے تحت ہم ایسے وقت مختلف علاقوں کا دورہ کررہے ہیں جہاں انتخابات نہیں ہیں۔ ابھی گاؤں میں انتخابات جاری ہیں اور ہم شہر کا دورہ کررہے ہیں اور جب شہر میں انتخابات ہوں گے تو ہم مواضعات کا دورہ کریں گے۔ کویتا نے کہاکہ ووٹ سے ہمیں مطلب نہیں ہے۔ہم صرف ڈیولپمنٹ کی بات کررہے ہیں اور ڈیولپمنٹ کےلئے ہی آگے بڑھ کر کام کررہے ہیں۔