• News
  • »
  • صحت
  • »
  • !بلڈ کینسر کا جدید علاج اور 2026 کی نئی طبی پیش رفت

!بلڈ کینسر کا جدید علاج اور 2026 کی نئی طبی پیش رفت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 22, 2026 IST

!بلڈ کینسر کا جدید علاج اور 2026 کی نئی طبی پیش رفت
منصف ٹی وی کے خصوصی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج "Blood Cancers & New Treatment Options for 2026" کے موضوع پر ایک اہم نشست منعقد کی گئی، جس میں ماہرِ امراض خون ڈاکٹر فراز احمد نے بلڈ کینسر، اس کی اقسام، تشخیص اور جدید علاج کے طریقوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
 
پروگرام کے دوران ڈاکٹر فراز احمد نے بتایا کہ بلڈ کینسر ایک ایسی بیماری ہے جو خون بنانے والے نظام، بون میرو اور لمفٹک نظام کو متاثر کرتی ہے۔ اس میں عام طور پر لیوکیمیا، لمفوما اور مائیلوما شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طبی سائنس میں مسلسل ترقی کے باعث آج بلڈ کینسر کے علاج کے امکانات پہلے کے مقابلے میں کافی بہتر ہو گئے ہیں۔
 
انہوں نے وضاحت کی کہ جدید دور میں صرف روایتی کیموتھراپی پر انحصار نہیں کیا جا رہا بلکہ ٹارگٹڈ تھراپی، امیونو تھراپی، سیل تھراپی اور جدید جینیاتی ٹیسٹنگ جیسے طریقے مریضوں کے علاج میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ خاص طور پر 2026 تک آنے والی نئی علاج کی حکمت عملیوں سے مریضوں کو زیادہ مؤثر اور کم سائیڈ ایفیکٹس والے علاج کی امید ہے۔
 
ڈاکٹر فراز احمد نے کہا کہ بلڈ کینسر کی بروقت تشخیص کامیاب علاج کے لیے انتہائی اہم ہے۔ مسلسل تھکن، غیر معمولی وزن میں کمی، بار بار بخار، رات کو زیادہ پسینہ آنا، خون کی کمی، آسانی سے خون بہنا یا جسم پر نیل پڑنا جیسی علامات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
پروگرام میں انہوں نے جدید تشخیصی طریقوں پر بھی بات کی، جن میں خون کے ٹیسٹ، بون میرو ٹیسٹ اور مالیکیولر ٹیسٹنگ شامل ہیں، جو بیماری کی نوعیت معلوم کرنے اور مناسب علاج منتخب کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
 
ماہرین کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں بلڈ کینسر کے علاج میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ CAR-T سیل تھراپی جیسے جدید طریقوں نے ایسے مریضوں کے لیے نئی امید پیدا کی ہے جہاں روایتی علاج مؤثر ثابت نہیں ہوتا۔
 
"ہیلتھ اور ہم" کے ذریعے منصف ٹی وی نے ناظرین کو صحت سے متعلق اہم معلومات فراہم کرتے ہوئے کینسر جیسی بیماریوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی کوشش کی۔ پروگرام میں ڈاکٹر فراز احمد نے زور دیا کہ باقاعدہ طبی معائنہ، صحت مند طرز زندگی اور بروقت علاج سے کئی پیچیدہ بیماریوں پر قابو پانا ممکن ہے۔
 
 قارئین آپ اس ویڈیو کو یہاں دیکھ سکتےہیں۔ اور ساتھ ہی منصف ٹی وی ہیلتھ پر صحت اورمختلف امراض سے متعلق دیگر ویڈیو بھی دیکھ سکتےہیں۔