• News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • قطر گیس پلانٹ دھماکہ: 13افراد ہلاک،مہلوکین میں ہند۔پاک باشندے بھی شامل۔66 زخمی

قطر گیس پلانٹ دھماکہ: 13افراد ہلاک،مہلوکین میں ہند۔پاک باشندے بھی شامل۔66 زخمی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 22, 2026 IST

قطر گیس پلانٹ دھماکہ: 13افراد ہلاک،مہلوکین میں ہند۔پاک باشندے بھی شامل۔66 زخمی
قطرکے بارزان ایل این جی پلانٹ میں پیش آئے دھماکے اور آتشزدگی کے واقعے میں 13 ملازمین  کی موت ہوگئی جبکہ 66 افراد زخمی ہو گئے۔ قطر کے وزیر مملکت برائے توانائی امور سعد بن شیریدہ الکعبی نے پریس کانفرنس میں حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ ایک حادثہ تھا، کسی تخریب کاری یا جان بوجھ کر کی گئی کارروائی کا نتیجہ نہیں تھا۔
 
وزیر توانائی نے بتایا کہ حادثہ اتوار کی شام تقریباً ساڑھے 10 بجے پلانٹ کے اندر پیش آیا۔  مہلوکین میں ہندوستان اور پاکستان  بھی شامل ہیں ۔ جبکہ زخمیوں میں قطر، ہندوستان، پاکستان، بنگلہ دیش، کینیا، گنی، تنزانیہ، نائجیریا اور نیپال کے شہری شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں کسی کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔
 
قطر انرجی کے ایمرجنسی رسپانس عملے نے سول ڈیفنس کے تعاون سے آگ پر قابو پا لیا۔ حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے جامع تکنیکی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جس میں انسانی غلطی، تکنیکی خرابی یا دیگر ممکنہ عوامل کا جائزہ لیا جائے گا۔سعد بن شیریدہ الکعبی نے کہا کہ قطر انرجی کی ایل این جی تنصیبات، راس لفان بندرگاہ اور توانائی سے متعلق دیگر آپریشنز اس حادثے سے متاثر نہیں ہوئے اور ایل این جی کی پیداوار و برآمدات معمول کے مطابق جاری ہیں۔
 
انہوں نے واضح کیا کہ حادثے کے باعث کسی قسم کا ماحولیاتی خطرہ یا خطرناک مواد کے اخراج کا خدشہ نہیں ہے۔ قطر انرجی متاثرین کے اہل خانہ اور زخمیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔وزیر نے کہا کہ پلانٹ کو مکمل صلاحیت پر بحال کرنے کے حوالے سے ابھی حتمی وقت بتانا قبل از وقت ہوگا، کیونکہ تحقیقات اور نقصانات کے جائزے کے بعد ہی آئندہ کے اقدامات طے کیے جائیں گے۔
 
انہوں نے یقین دلایا کہ تحقیقات کے نتائج مکمل ہونے کے بعد عوام کے سامنے پیش کیے جائیں گے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔  یہ واقعہ پلانٹ میں پیداوار کی بحالی کے دوران پیش آیا، جو اس سال کے شروع میں ایرانی میزائل حملے کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔ دھماکے سے کئی عمارتیں لرز اٹھیں جس سے مقامی لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ اس کا اثر دارالحکومت دوحہ میں بھی محسوس کیا گیا جو 70 کلومیٹر دور ہے۔
 
دریں اثنا، دوحہ میں ہندوستانی سفارت خانے نے اس واقعہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس نے ایک بیان میں کہا، "دوحہ میں ہندوستانی سفارت خانہ اتوار کو راس لفان انڈسٹریل سٹی میں پیش آنے والے بدقسمت واقعے پر گہری تشویش میں مبتلا ہے۔ حکام کے مطابق، کئی لوگ زخمی اور کچھ لاپتہ ہیں۔"