منصف ٹی وی کے مقبول خاص پروگرام ’’ہیلتھ اور ہم‘‘ میں آج نیند کے دوران خراٹوں اور خطرناک مرض سلیپ اپنیا (Sleep Apnea) کے موضوع پر ایک اہم اور معلوماتی گفتگو پیش کی گئی۔ پروگرام میں معروف ماہرِ امراضِ تنفس و نیند، ڈاکٹر کنال واگرے (Dr. Kunal Waghray) نے تفصیل کے ساتھ بتایا کہ خراٹے لینا ہمیشہ عام بات نہیں ہوتی بلکہ بعض اوقات یہ ایک سنگین بیماری کی علامت بھی ہوسکتی ہے۔ پروگرام کا عنوان “Why Snoring is not Normal: Hidden Dangers of Sleep Apnea” رکھا گیا تھا، جس نے ناظرین کی بھرپور توجہ حاصل کی۔
قارئین آپ ڈاکٹر واگرے کی مکمل بات چیت اس ویڈیو میں دیکھ سکتےہیں۔
ڈاکٹر کنال واگرے نے کہا کہ سلیپ اپنیا ایک ایسی حالت ہے جس میں نیند کے دوران انسان کی سانس بار بار رک جاتی ہے یا متاثر ہوتی ہے۔ اس کے نتیجے میں دماغ اور جسم کو مناسب مقدار میں آکسیجن نہیں مل پاتی، جس سے کئی سنگین طبی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلسل اور تیز خراٹے، دن بھر تھکن، نیند پوری نہ ہونے کا احساس، سر درد، چڑچڑاپن اور توجہ میں کمی سلیپ اپنیا کی اہم علامات ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگر اس بیماری کا بروقت علاج نہ کیا جائے تو ہائی بلڈ پریشر، دل کی بیماری، ذیابیطس، فالج اور ذہنی دباؤ جیسے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ خاص طور پر موٹاپا، تمباکو نوشی،غیرمتوازن طرزِ زندگی اور نیند کی کمی اس بیماری کے بڑے اسباب میں شامل ہیں۔
پروگرام کے دوران ڈاکٹر کنال واگرے نے ناظرین کو مشورہ دیا کہ اگر کسی شخص کو شدید خراٹے، نیند میں سانس رکنے یا دن بھر غیر معمولی غنودگی کی شکایت ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ جدید طبی سہولیات کے ذریعے سلیپ اسٹڈی (Sleep Study) کروا کر اس مرض کی تشخیص ممکن ہے اور مناسب علاج سے مریض معمول کی زندگی گزار سکتا ہے۔
انہوں نے صحت مند طرزِ زندگی اپنانے، وزن کم کرنے، ورزش کرنے اور نیند کے بہتر اوقات اختیار کرنے پر بھی زور دیا۔ پروگرام کے اختتام پر ناظرین نے اس موضوع کو بے حد مفید قرار دیا اور منصف ٹی وی کی اس عوامی شعور بیدار کرنے والی کوشش کو سراہا۔