آج ہندوستان سمیت دیگر ممالک میں عید الاضحی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ پر امن طریقے سے ملک بھر میں عید الاضحی کی نماز ادا کی گئی۔لوگ ایک دوسرے کو گلے لگا کر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ساتھ ہی سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کا اہتمام کر رہے ہیں۔قربانی ایک عظیم عبادت اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت ہے۔ یہ عمل اللہ تعالیٰ کے قرب حاصل کرنے اور اس کی رضا کے اظہار کا ذریعہ ہے۔قربانی ایک اہم دینی فریضہ ہے۔ فقہاء نے اس کے بارے میں مختلف آراء دی ہیں:حنفی فقہ کے مطابق: قربانی واجب ہے۔شافعی، مالکی، اور حنبلی فقہ کے مطابق: قربانی سنت مؤکدہ ہے۔قرآن پاک میں ارشاد ہے:" اپنے رب کے لیے نماز پڑھو اور قربانی کرو۔اسکے علاوہ قربانی ان پر واجب ہے جو مسلمان ہو،عاقل و بالغ ہو،مقیم ہو (مسافر نہ ہو)قربانی کے ایام میں نصاب کا مالک ہو۔
آج کا دن قربانی ، ایثار ، اور خلوص کا دن:
آج کا دن حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سنت کو زندہ کرنے کا دن ہے۔اہل مسلمان عید الاضحیٰ، جسے "عید قرباں" بھی کہا جاتا ہے، ہر سال اسلامی مہینے ذی الحج کی 10 تاریخ کو مناتے ہیں ۔یہ تہوار ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے،جہاں رب کی رضا کے لیے باپ نے بیٹے کو قربان کرنے کا عزم کیا ۔ اور ربِ کریم نے اس خلوص کو قبول فرمایا۔عید الاضحیٰ صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں ۔بلکہ یہ اپنی خواہشات، انا، تکبر، اور نفس کی قربانی دینے کا نام ہے۔
یہ دن ہمیں سکھاتا ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے ہم کچھ بھی قربان کر سکتے ہیں،کیونکہ اصل قربانی وہ ہے جو دل سے کی جائے۔یہ عید ہمیں یہ بھی یاد دلاتی ہے کہ خوشیاں بانٹنے سے بڑھتی ہیں۔قربانی کا گوشت صرف ہمارے گھر نہیں بلکہ ہمسایہ، رشتہ دار اور ضرورت مند کا بھی حق ہے۔یہ دن ہمیں اتحاد، محبت، اور معاشرتی ذمہ داری کا شعور دیتا ہے۔آج کے دن ہم صرف جانور نہیں،بلکہ اپنے دلوں میں موجود نفرت، بغض، حسد، اور خود غرضی کو بھی ذبح کریں۔محبت، خلوص، اور قربانی کے جذبے کو اپنائیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں جمعہ کے روز عیدالاضحی خلوص و للہیت کے ساتھ منائی گئی ۔ مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں نماز عید کے عظیم الشان اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں لاکھوں حجاج کرام نے شرکت کی۔ عید کے روح پرور مناظر میں حجاج لبیک اللّٰہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ اللہ کے حضور سجدہ ریز ہوئے۔ وہیں سعودی عرب کے مختلف شہروں، قصبوں اور دیہاتوں کی ہزاروں مساجد میں نماز عیدالاضحی کے اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں سعودی شہریوں کے علاوہ لاکھوں غیر ملکی مسلمانو ں نے بھی شرکت حاصل کرتے ہوئے نماز عید ادا کی۔