نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے گروگرام، ہریانہ میں دو کلبوں میں بم دھماکوں کے معاملے میں 5 ملزمان کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ اس کیس میں کینیڈا میں رہنے والے اور ہندوستان میں مطلوب دہشت گرد ستیندرجیت سنگھ عرف گولڈی برار اور امریکہ میں رہنے والے رندیپ سنگھ عرف رندیپ ملک کا نام بھی شامل ہے۔یاد رہے کہ 10 دسمبر 2024 کو ہریانہ کے گروگرام کے سیکٹر-29 میں واقع ویئر ہاؤس کلب اور ہیومن کلب میں دھماکہ ہوا تھا۔ جسکی تحقیقات جاری ہے۔ تاہم نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ حملہ کالعدم دہشت گرد تنظیم ببر خالصہ انٹرنیشنل کی ایک بڑی سازش کا حصہ تھا۔ اس حملے کا مقصد ہریانہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں دہشت پھیلانا، فرقہ وارانہ کشیدگی کو بڑھانا اور امن کو درہم برہم کرنا تھا۔
ملک کی سلامتی اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش :
این آئی اے کی جانچ سے پتہ چلا کہ اس دہشت گردانہ سازش کی منصوبہ بندی کینیڈا میں مقیم دہشت گرد ستیندرجیت سنگھ عرف گولڈی برار اور اس کے ساتھیوں نے کی تھی۔ یہ لوگ نہ صرف حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے بلکہ پیسے بٹور کر، اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد کا بندوبست کر کے اور عام لوگوں میں خوف و ہراس پھیلا کر ملک کی سلامتی اور سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے تھے۔
این آئی اے نے اس معاملے میں تین ملزمین کو کیا گرفتار :
این آئی اے کے مطابق، ان تمام ملزمان کے خلاف تعزیرات ہند (بی این ایس)، اسلحہ ایکٹ، دھماکہ خیز مواد ایکٹ اور یو اے پی اے (غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ گولڈی برار اور رندیپ ملک کے علاوہ اس معاملے میں دیگر تین ملزمان سچن، انکت اور بھاویش کو گرفتار کیا گیا ہے۔نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے مطابق، اس معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہے۔ ایجنسی اس نیٹ ورک سے وابستہ مزید لوگوں کی تلاش کر رہی ہے اور جلد ہی مزید گرفتاریاں بھی ہو سکتی ہیں۔