Saturday, September 13, 2025 | 21, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • کھیل/تفریح
  • »
  • انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 20 اوورز میں 304 رنز بنا کر نئی ​​تاریخ رقم کردی

انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 20 اوورز میں 304 رنز بنا کر نئی ​​تاریخ رقم کردی

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: MD Shahbaz | Last Updated: Sep 13, 2025 IST     

image
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں نئی ​​تاریخ رقم کردی۔ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ ٹیم نے 20 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 304 رنز بنائے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ملک نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 300 کا ہندسہ عبور کیا ہے۔ اس کے ساتھ انگلینڈ نے بھارت کا ریکارڈ بھی توڑ دیا جس نے گزشتہ سال بنگلہ دیش کے خلاف 297 رنز کا بڑا اسکور بنایا تھا۔

سالٹ اور بٹلر کی طوفانی اننگز:

فل سالٹ اور جوس بٹلر انگلینڈ کی جیت کے ہیرو تھے۔ دونوں نے اوپننگ پارٹنرشپ میں ہی جنوبی افریقی باؤلرز کی کمر توڑ دی۔ بٹلر نے صرف 30 گیندوں پر 83 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ اس کے ساتھ ہی سالٹ نے 141 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے یہ اننگز 60 گیندوں پر کھیلی اور انگلینڈ کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلی۔ اس سے قبل ان کا بہترین اسکور 119 رنز تھا۔

دیگر بلے بازوں کی شراکت:

جیکب بیتھل نے 14 گیندوں پر 26 رنز بنائے جبکہ کپتان ہیری بروک نے 21 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی دوسری وکٹ 221 کے سکور پر گری لیکن اس کے بعد بھی انگلش ٹیم کا رن ریٹ کم نہیں ہوا۔ آخر تک، سالٹ اور بروک نے ٹیم کو 304 کے ریکارڈ توڑ اسکور تک پہنچا دیا۔
 
305 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ انگلینڈ کے گیند بازوں نے مسلسل وکٹیں حاصل کیں اور مخالف ٹیم کو 16.1 اوورز میں 158 رنز پر ڈھیر کردیا۔ کپتان ایڈن مارکرم نے 41 رنز بنائے جب کہ Bjorn Fortuin نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈونووان فیریرا اور ٹرسٹن اسٹبس نے 23-23 رنز کیاننگز کھیلی۔ تاہم جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سیم کرن، ڈاسن اور ول جیکس نے بھی 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔
 
 
انگلینڈ نے اب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ اسکور درج کر لیا ہے۔ انگلینڈ نے ون ڈے میں ہالینڈ کے خلاف 498 رنز بنائے اور اب ٹی ٹوئنٹی میں 304 رنز بنائے۔ اس شاندار جیت کے ساتھ انگلینڈ نے سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔