Wednesday, June 10, 2026 | 23 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • صحت
  • »
  • مانسون میں بچوں کوسانس کی بیماریوں سے کیسے بچائیں؟

مانسون میں بچوں کوسانس کی بیماریوں سے کیسے بچائیں؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Jun 10, 2026 IST

مانسون میں بچوں کوسانس کی بیماریوں سے کیسے بچائیں؟
منصف ٹی وی کی جانب سے نشر کیے جانے والے خصوصی پروگرام "ہیلتھ اور ہم" میں آج بچوں کی صحت سے متعلق ایک اہم موضوع  
"Monsoon and Seasonal Respiratory Infections in Children"
،مانسون اور بچوں میں موسمی سانس کے انفیکشن،پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ پروگرام میں معروف ماہر ڈاکٹرجی انویش ریڈی نے بارش  کے موسم میں بچوں کو لاحق ہونے والی سانس کی بیماریوں، ان کی وجوہات، علامات اور بچاؤ کے طریقوں پر روشنی ڈالی۔
 
ڈاکٹر انویش ریڈی نے بتایا کہ برسات کے موسم میں نمی، درجہ حرارت میں تبدیلی اور وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے بچوں میں سانس سے متعلق انفیکشن کے معاملات بڑھ جاتے ہیں۔ خاص طور پر چھوٹے بچے، جن کا مدافعتی نظام ابھی مکمل طور پر مضبوط نہیں ہوتا، وہ نزلہ، زکام، کھانسی، گلے کے انفیکشن، برونکائٹس اور دیگر سانس کی بیماریوں سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ مانسون کے دوران بچوں میں عام علامات میں مسلسل کھانسی، ناک بہنا، بخار، سانس لینے میں دشواری، سینے میں جکڑن اور کمزوری شامل ہو سکتی ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ ایسی علامات کو نظر انداز نہ کریں، خاص طور پر اگر بچے کو سانس لینے میں زیادہ پریشانی، تیز بخار یا مسلسل طبیعت خراب رہنے کی شکایت ہو۔
 
پروگرام کے دوران ڈاکٹر نے والدین کو مشورہ دیا کہ بچوں کی صحت برقرار رکھنے کے لیے صفائی کا خاص خیال رکھیں، ہاتھ دھونے کی عادت ڈالیں، گھر کے ماحول کو صاف اور ہوا دار رکھیں اور بچوں کو بارش کے پانی سے دور رکھیں۔ انہوں نے متوازن غذا، مناسب پانی کے استعمال اور بچوں کی قوت مدافعت بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
 
ڈاکٹر انویش ریڈی نے کہا کہ موسم کی تبدیلی کے دوران خود سے دوائیں دینا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ خاص طور پر اینٹی بایوٹک کا استعمال صرف ڈاکٹر کے مشورے سے کیا جانا چاہیے کیونکہ ہر کھانسی یا زکام میں اینٹی بایوٹک ضروری نہیں ہوتی۔ انہوں نے والدین کو یہ بھی بتایا کہ ویکسینیشن شیڈول کو مکمل رکھنا بچوں کو کئی خطرناک بیماریوں سے بچانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔مانسون کے دوران بچوں کی صحت کا خیال رکھنا نہ صرف بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے بلکہ ان کی مجموعی نشوونما میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
 
 قارئین آپ ڈاکٹرانویش ریڈی کی مکمل بات چیت اس ویڈیو میں دیکھ سکتےہیں۔