تلنگانہ کے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے بدھ کے روز مملکت سعودی عرب میں مدینہ منورہ کے المناک بس حادثہ میں جان گنوانے والے متاثرین کے خاندانوں میں زیر التواء ایکس گریشیا چیکس تقسیم کئے۔
سکریٹریٹ میں کل ہند مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم )نامپلی کے، ایم ایل اے ماجد حسین، تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیرمین خسرو پاشا بیابانی، سکریٹری برائے حکومت، اقلیتی بہبود محکمہ اور سکریٹری، ٹی جی ایم آر ای آئی ایس بی شفیع اللہ اور متوفی کے ارکان خاندان کی موجودگی میں چیکس کی تقسیم عمل میں آئی ۔
وزیر محمد اظہر الدین نے مرحوم محمد جعفر اور مرحوم شیخ سراج کے اہل خانہ کو معاوضے کے چیک حوالے کئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد اظہر الدین نے سانحہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا اور کہا کہ کسی بھی عزیز کے نقصان کا ازالہ کبھی بھی مالی امداد سے نہیں ہو سکتی۔ حکومت کے ردعمل کو یاد کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے حادثہ کے بعد تیزی سے کام کیا اور اس بات کو یقینی بنایا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے۔ وزیر محمد اظہرالدین، اے آئی ایم آئی ایم ایم ایل اے ماجد حسین، سینئر عہدیداروں اور نمائندوں پر مشتمل ایک وفد نے سعودی عرب کا سفر کیا تاکہ امداد اور سوگوار خاندانوں کی مدد کی جاسکے۔
وزیر موصوف نے نوٹ کیا کہ حکومت تلنگانہ نے خاندان کے افراد کے سعودی عرب کے سفر میں سہولت فراہم کی اور ہندوستانی قونصلیٹ اور سعودی حکام کے ساتھ تال میل کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ تدفین کی رسموں سمیت تمام ضروری انتظامات آسانی سے اور وقار کے ساتھ مکمل ہوں۔میڈیا سے جذباتی انداز میں بات کرتے ہوئے محمد اظہر الدین نے کہا کہ اس سانحے نے امدادی سرگرمیوں میں شامل ہر فرد کو گہرا متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ تلنگانہ حکومت غم کی گھڑی میں اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
متوفی کے اہل خانہ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی، وزیر محمد اظہر الدین، اے آئی ایم آئی ایم ایم ایل اے ماجد حسین اور تلنگانہ حکومت کا ان کی بروقت مداخلت، تدفین کے عمل کے دوران مدد اور زندگی کے مشکل ترین دور میں مسلسل تعاون کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔تلنگانہ حکومت نے انسانی ہمدردی کے طور پر مدینہ بس سانحہ میں جان گنوانے والوں کے لواحقین کو فی کس 5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا امداد کا اعلان کیا تھا۔