Monday, November 17, 2025 | 26, 1447 جمادى الأولى
  • News
  • »
  • جموں وکشمیر
  • »
  • جموں و کشمیر کے نوگام پولیس اسٹیشن کے احاطے میں دھماکہ، 9 افراد ہلاک ۔ متعدد زخمی

جموں و کشمیر کے نوگام پولیس اسٹیشن کے احاطے میں دھماکہ، 9 افراد ہلاک ۔ متعدد زخمی

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Nov 15, 2025 IST

جموں و کشمیر کے نوگام پولیس اسٹیشن کے احاطے  میں دھماکہ، 9 افراد ہلاک ۔ متعدد زخمی
جموں و کشمیر کے سری نگر میں نوگام پولیس اسٹیشن کے احاطے  میں زوردار دھماکہ ہوا ہے، جس میں 9 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب پولیس فرید آباد دہشت گرد ماڈیول کیس میں ضبط شدہ دھماکہ خیز مواد کا نمونہ لے رہی تھی۔ یہ دھماکہ خیز مواد فرید آباد سے ضبط کیا گیا تھا۔زخمیوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار ہیں، جن کا 92 آرمی بیس اور SKIMS ہسپتال میں علاج جاری ہے۔
 
دھماکہ کیسے ہوا؟
  
دراصل، جموں و کشمیر پولیس نے ہریانہ کے فرید آباد سے گرفتار ڈاکٹر مجمل کے کرائے کے گھر سے تقریباً 360 کلو گرام دھماکہ خیز مواد برآمد کیا تھا۔ اسے نوگام پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا تھا۔ جمعہ رات 11:20 بجے پولیس اہلکار اس میں سے نمونہ نکال رہے تھے، تبھی دھماکہ ہو گیا۔ہلاکتوں میں 8 پولیس اہلکار اور ایک عام شہری شامل ہے۔ جبکہ زخمیوں میں زیادہ تر پولیس اہلکار اور فورنزک افسران ہیں۔ واقعہ کے کئی ویڈیوز سامنے آ چکے ہیں۔
 
واقعہ انسانی غلطی یا دہشت گرد حملہ؟ 
 
ابتدائی تحقیقات میں 2 وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ کیا ضبط شدہ امونیم نائٹریٹ کو سیل کرنے یا نمونہ لینے کے دوران کوئی چوک ہوئی؟دوسرا- کیا یہ دہشت گرد حملہ تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ تھانہ کے احاطے میں ایک کار کھڑی تھی، جسے پہلے غیر قانونی سرگرمیوں میں استعمال ہونے کے شک میں پکڑا گیا تھا۔ 
 
تاہم ذرائع  کے مطابق یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب دہشت گردی کی حالیہ سازش کے سلسلے میں ضبط کیے گئے دھماکہ خیز مواد سے نمونے لیے جا رہے تھے۔ یہ واقعہ جمعہ کی رات پیش آیا۔ اچانک زوردار دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی۔امدادی کارکنوں نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ پولیس اسٹیشن میں کھڑی کئی گاڑیوں کو آگ لگ گئی۔
 
 ذرائع کے مطابق حال ہی میں ایک مشترکہ آپریشن کے تحت ہریانہ اور جموں و کشمیر پولیس نے فرید آباد میں ایک گھر کی تلاشی لی تھی۔ پولیس نے دھماکہ خیز مواد اور کئی ہتھیار قبضے میں لے کر نوگام پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب دھماکہ خیز مواد کے نمونے لئے جا رہے تھے۔اس حادثہ میں زخمی ہونے والوں کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کر دیا   گیا۔ اس واقعہ کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔