راجستھان کے بیکانیر ضلع کے بیچوال پولیس اسٹیشن میں فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی پر ایف آئی آر پیر کی رات درج کی گئی ۔یہ شکایت جودھپور میں واقع رادھا فلمز اور ہاسپیٹلیٹی کے سی ای او پرتیک راج ماتھر نے درج کروائی تھی، جس نے الزام لگایا تھا کہ انہیں بھنسالی کی آنے والی فلم 'لو اینڈ وار' کے لیے لائن پروڈیوسر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا اور بعد میں انھیں بغیر معاوضے کے ہٹا دیا گیا تھا۔ ماتھر کے مطابق بارہا درخواستوں کے باوجود ان کے ساتھ کوئی رسمی معاہدہ نہیں کیا گیا۔ تاہم، انہیں ایک ای میل موصول ہوا جس میں لائن پروڈیوسر کے طور پر ان کے کردار کی تصدیق کی گئی۔ماتھر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اہم ذمہ داریاں بشمول انتظامی تعاون، حکومتی منظوری، اور فلم کے عملے کے لیے حفاظتی انتظامات نبھائی ہیں۔
ایف آئی آر میں بھنسالی پر بھنسالی پروڈکشنز کے مینیجر اتکرش بالی اور اروند گل کے ساتھ 17 اگست کو بیکانیر کے ہوٹل نریندر بھون میں ان کے ساتھ بدتمیزی کرنے کا الزام بھی لگایا گیا تھا۔ماتھر نے الزام لگایا کہ انہیں دھکا دیا گیا، ان کی توہین کی گئی اور دھمکی دی گئی کہ ان کی کمپنی کے مستقبل کے پروجیکٹوں میں رکاوٹ ڈالی جائے گی۔ابتدائی طور پر پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا تھا جس کے بعد ماتھر نے عدالت سے رجوع کیا۔ عدالت کی ہدایت پر ایف آئی آر درج کی گئی، اور اب تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔بھنسالی کو اس سے قبل 'پدماوت' فلم کی ریلیز کے دوران راجستھان میں چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بھنسالی کی بہت انتظار کی جانے والی فلم 'لو اینڈ وار' دسمبر میں ریلیز ہونے والی ہے۔ یہ فلم جنگ کے پس منظر پر مبنی ایک رومانوی ڈرامہ ہے جس میں رنبیر کپور، عالیہ بھٹ اور وکی کوشل مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔اگست کے دوران بیکانیر میں بڑے پیمانے پر شوٹنگ کی گئی، فلم میں جوناگڑھ قلعہ جیسے مشہور مقامات پر سیکونس شامل ہیں۔
انڈسٹری کے ذرائع کا خیال ہے کہ رنبیر کپور کی سالگرہ، 28 ستمبر کو ایک خصوصی پروموشنل ایونٹ کے طور پر فرسٹ لک پوسٹر یا ٹیزر کی نقاب کشائی کی جا سکتی ہے۔دریں اثنا، پولیس نے کہا کہ وہ تمام فریقین کے الزامات اور بیانات کی جانچ کر رہی ہے۔ مزید کاروائی کا انحصار تحقیقات کے نتائج پر ہوگا۔