Wednesday, September 03, 2025 | 11, 1447 ربيع الأول
  • News
  • »
  • سیاست
  • »
  • پرشانت کشور نے پی ایم مودی، راہل گاندھی، تیجسوی کو بنایا نشانہ۔ عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کا لگایا الزام

پرشانت کشور نے پی ایم مودی، راہل گاندھی، تیجسوی کو بنایا نشانہ۔ عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کا لگایا الزام

Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: Mohammed Imran Hussain | Last Updated: Sep 02, 2025 IST     

image
سیاسی حکمت عملی سے عملی سیاست میں قدم  رکھنےو الے پرشانت کشور نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجسوی یادو سمیت اعلیٰ سیاسی لیڈروں پر اپنے حملے کو تیز کیا۔ انہوں نے اپنی بہار بدلاو یاترا کے دوران جموئی ضلع کے سری کرشنا سنگھ میموریل اسٹیڈیم میں بہار بدلاؤ جن سبھا سے خطاب کیا۔ریلی کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کشور نے مہاگٹھ بندھن کی ریلی میں مبینہ بدسلوکی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جوابی حملوں پر جاری تنازعہ کو مسترد کردیا۔
 
"راہل گاندھی اور تیجسوی یادو پی ایم مودی کو گالی دیں گے، جب پی ایم مودی آئیں گے تو وہ راہل گاندھی اور لالو یادو کو گالی دیں گے۔ لیکن ان میں سے کوئی یہ نہیں کہے گا کہ بہار میں کب بے روزگاری ختم ہوگی، کب بچوں کو اچھی تعلیم ملے گی، یا ہجرت کب رکے گی۔ بہار کے لوگوں کو اس سے کوئی دلچسپی نہیں ہے کہ کون کس کو گالی دے رہا ہے"۔پرشانت کشور نے توجہ اس طرف مبذول کرائی جسے انہوں نے عام لوگوں کو درپیش "حقیقی زیادتی" قرار دیا۔
 
"بہار کے بچوں کے ساتھ پورے ملک میں بدسلوکی ہو رہی ہے۔ انہیں بہاری ہونے کی وجہ سے تھپڑ مارا جا رہا ہے اور ان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ اس بار بہار کے لوگ سیاسی لیڈروں کے طعنوں کی نہیں بلکہ اپنے بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور تذلیل کی فکر کریں گے۔"آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو پر طنز کرتے ہوئے کشور نے وائرل کلپ کا مذاق اڑایا جس میں انہیں پٹنہ کے میرین ڈرائیو پر نوجوانوں کے ساتھ رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا، "راگھوپور کے لوگ سیلاب سے متاثر ہیں، لیکن ان کے ایم ایل اے تیجسوی یادو، پٹنہ کے جے پی گنگا پاتھ پر رات کو گھوم رہے ہیں اور ناچ رہے ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بہار کے لوگوں کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔"
 
کشور نے تیجسوی یادو پر ہجرت اور روزگار سے متعلق اپنے ہی ایجنڈے کی نقل کرنے کا بھی الزام لگایا۔"اگر تیجسوی یادو نے پڑھا ہوتا تو آج اسے میری نقل کرنے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ لیکن مجھے خوشی ہے کہ وہ صحیح طریقے سے نقل کر رہے ہیں۔ پہلے وہ صرف ہندو مسلم سیاست کرتے تھے۔ یہ بندوقوں، اغوا اور بھتہ خوری کے لیڈر ہیں۔ یہ جن سورج کی طاقت ہے کہ اب وہ نقل مکانی، تعلیم، روزگار اور فیکٹریوں کے بارے میں بولنے پر مجبور ہیں،" ۔