گْماکْتہ گوڑم گاؤں، پولاورم یتپاکا منڈل میں سانحہ
گوداوری ندی میں ایک ہی گاؤں کے5 قبائیلی ڈوب گئے
لاپتہ افراد 3خواتین اور2مرد کی حکام نے لاشیں برآمد کیں
دریائےگوداوری میں مچھلی پکڑنے گئے تھے یہ لوگ
آندھرا پردیش میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ ضلع پولاورم کے ایٹاپاکا منڈل میں گْماکْتہ گوڑم کے قریب دریائے گوداوری میں پانچ قبائلی لاپتہ ہوگئے۔ ان میں تین خواتین اور دو مرد شامل ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریونیو حکام موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی ماہی گیروں اور تیراکوں کی مدد سے دریائے گوداوری میں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے۔ کافی تلاش کے بعد ان کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ اس حادثہ سے مقامی لوگوں میں غم اور اداسی کا ماحول دیکھا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہمیشہ کی طرح یہ لوگ ایک ساتھ دریائے گوداوری میں مچھلیاں پکڑنے گئے تھے۔ تاہم، انہوں نے دریا میں ایک جگہ کا غلط اندازہ لگایا اور غیر متوقع طور پر گہرے پانی کے علاقے میں داخل ہوتے ہی ریپڈز میں بہہ گئے۔ پولیس نے تمام مہلوکین کی شناخت گوماکتہ گوڑم گاؤں کے ساکین کےطور پر کی ہے۔ مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے پانچوں لاشیں برآمد کر لی ہیں۔
پولاورم ضلع کے انچارج سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امیت بردار نے بتایا کہ یہ واقعہ یتپاکا منڈل میں صبح 10 بجے کے قریب پیش آیا۔"پانچ افراد - تین خواتین اور دو مرد - گوما کوتھا گوڑیم گاؤں میں دریائے گوداوری میں ڈوب گئے،" مرنے والوں کی شناخت لکشمی، بھارتی ،سْشیلا، بلراجو،اور رامیش کے طور پر کی گئی ہے۔ایک ہی گاؤں کے لوگوں کی موت سے گاؤں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
ریاستی قائدین بشمول چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے اس سانحہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ریاستی وزیر قبائلی بہبود گمیڈی سندھیرانی نے اس ہولناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے عہدیداروں سے واقعہ کی تفصیلات دریافت کیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔