Wednesday, February 04, 2026 | 16, 1447 شعبان
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • اورنگ آباد میں پانچ نوعمر لڑکیوں نے ایک ساتھ کھایا زہر ،چار کی موت

اورنگ آباد میں پانچ نوعمر لڑکیوں نے ایک ساتھ کھایا زہر ،چار کی موت

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: Feb 02, 2026 IST

اورنگ آباد میں پانچ نوعمر لڑکیوں نے ایک ساتھ کھایا زہر ،چار کی موت
بہار کے اورنگ آباد میں ایک عجیب واقعہ سامنے آیا ہے۔ پانچ نوعمر لڑکیوں نے ایک ساتھ مل کر زہر کھا لیا۔جس کے نتیجے میں چار  سہیلیوں کی موت ہوگئی،جبکہ ایک زیر علاج ہے۔ یہ واقعہ ہسپورہ تھانے کے علاقے کے سید پور گاؤں امجھر شریف پنچایت میں پیش آیا۔ تمام لڑکیوں کی عمریں 14 سے 15 سال بتائی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد اہل خانہ نے گاؤں والوں کے ساتھ مل کر چاروں کی آخری رسومات ادا کیں لیکن پولیس کو اطلاع نہیں دی گئی۔
 
کیا ہے پورا معاملہ؟
 
یہ واقعہ 29 جنوری 2026 کو پیش آیا۔ پانچوں لڑکیاں صبح 8 بجے گاؤں کے باہر کھیتوں میں گئی ہوئی تھیں ،میڈیا رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر جہاں  انہوں نے ایک ساتھ زہر کھا لیا۔ان میں سے ایک لڑکی بھاگ کر گھر آئی اور اپنے گھر والوں کو واقعہ کی اطلاع دی۔گھر والے جب فارم پر پہنچے تو انہیں چاروں لڑکیوں کی لاشیں ملیں۔ گاؤں والے انہیں واپس لائے اور ایک ہی چتا پر ان کی آخری رسومات ادا کیں۔ زندہ بچ جانے والی لڑکی کو گاؤں کے باہر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
 
گاؤں والے پولیس سے تعاون نہیں کررہے:
 
لڑکیوں کی ہلاکت کی خبر پولیس کو نہیں دی گئی تاہم مقامی میڈیا میں اس کی اطلاع دی گئی۔ اس کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور گاؤں والوں سے پوچھ گچھ کرنے پہنچی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاؤں میں نہ تو لڑکی کا خاندان ہے اور نہ ہی کوئی مرد۔ واقعہ کے بارے میں کوئی بھی معلومات فراہم نہیں کر رہا ہے جس سے کسی بڑی سازش کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پولیس ٹیمیں گاؤں میں مسلسل بیانات اکٹھا کر رہی ہیں۔
 
لڑکیاں ا سکول نہیں جا رہی تھیں:
 
پولیس کو ابھی تک اس سلسلے میں کوئی ٹھوس اطلاع نہیں ملی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لڑکیاں کئی دنوں سےا سکول نہیں جا رہی تھیں۔ اس واقعہ کو لے کر گاؤں میں خاموش لہجے میں کئی افواہیں بھی پھیلائی جا رہی ہیں، جن میں لڑکیوں کے عشق میں ملوث ہونے اور غیرت کے نام پر قتل کی بھی خبریں آرہی ہیں۔ پولیس تکنیکی شواہد اور سائنسی بنیادوں پر کیس کی تفتیش کر رہی ہے۔