آج کے تیز رفتار اور ڈیجیٹل دور میں سروائیکل پین(گردن کا درد) ایک عام مگر سنجیدہ مسئلہ بنتا جا رہا ہے، جو صرف عمر رسیدہ افراد تک محدود نہیں رہا بلکہ نوجوانوں اور بچوں میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اسی اہم موضوع پر منصف ٹی وی کے پروگرام “ہیلتھ اور ہم” میں تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس پروگرام میں آیورویدک ماہر ڈاکٹر ٹی ایل سرینواس راؤ (سہادا آیورویدک ہاسپٹل) نے سروائیکل پین کی وجوہات، علامات، احتیاطی تدابیر اور علاج پر روشنی ڈالی۔
سروائیکل پین کی وجہ
ڈاکٹر سرینواس راؤ نے بتایا کہ سروائیکل پین کی سب سے بڑی وجہ غلط بیٹھنے اور سونے کا انداز، موبائل اور کمپیوٹر کا حد سے زیادہ استعمال، ذہنی دباؤ اور جسمانی سرگرمی کی کمی ہے۔ گردن میں اکڑن، درد، کندھوں تک پھیلتا ہوا درد، ہاتھوں میں سن ہونا، جھٹکے یا چکر آنا سروائیکل مسئلے کی نمایاں علامات ہیں۔ بعض شدید اور پرانی صورتوں میں توازن بگڑنا یا دیگر پیچیدگیاں بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔
جڑ سے مسئلہ کیسے ختم ہوتا ہے
انہوں نے وضاحت کی کہ گردن میں موجود C1 سے C7 تک کے مہرے اگر دباؤ کا شکار ہوں تو اعصاب متاثر ہوتے ہیں، جس کا اثر ہاتھوں اور کندھوں تک محسوس ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ صرف درد کم کرنے والے ادویات سے وقتی آرام تو مل جاتا ہے مگر مسئلہ جڑ سے ختم نہیں ہوتا۔ بروقت تشخیص، ایکسرے کے ذریعے اسٹیج کا تعین اور درست علاج بے حد ضروری ہے۔
آیورویدک میں سروائیکل پین کا علاج
آیورویدک علاج کے حوالے سے ڈاکٹر راؤ نے بتایا کہ ہربل تیلوں سے مساج، پنچ کرما تھراپی، گریوا بستی اور اندرونی ادویات کے ذریعے نہ صرف درد میں کمی آتی ہے بلکہ ڈسک کی لُبریکیشن بہتر ہو کر اعصابی دباؤ کم ہوتا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں علاج شروع کیا جائے تو ایک سے دو ماہ میں واضح بہتری دیکھی جا سکتی ہے۔
احتیاطی تدابیر پر زور
احتیاطی تدابیر پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موبائل یا لیپ ٹاپ استعمال کرتے وقت گردن سیدھی رکھیں، طویل وقت تک ایک ہی پوزیشن میں نہ بیٹھیں، ہر کچھ دیر بعد اسٹریچنگ اور ہلکی ورزش کریں، مناسب اونچائی کا تکیہ استعمال کریں اور کرسی پر بیٹھ کر سونے سے گریز کریں۔ بچوں کے بھاری اسکول بیگز بھی ریڑھ کی ہڈی کے مسائل کا سبب بن سکتے ہیں، اس لیے والدین کو خاص توجہ دینی چاہیے۔
سروائیکل پین کومعمولی نہ سمجھیں
سروائیکل پین کو معمولی گردن درد سمجھ کر نظرانداز نہ کیا جائے۔ بروقت احتیاط، درست لائف اسٹائل اور ماہرین کی رہنمائی سے اس مسئلے سے بچاؤ اور علاج ممکن ہے۔ صحت مند گردن ہی ایک فعال اور درد سے پاک زندگی کی ضمانت ہے۔ ڈاکٹر ٹی ایل سرینواس راؤ سے مکمل بات چیت کا ویڈیو آپ یہاں دیکھ سکتے ہیں۔